پاکستان مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال عالمی سطح پر اچھالنے کی بجائے آزاد کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرے ،بھارت

جمعرات 21 جولائی 2016 22:14

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جولائی ۔2016ء) بھارت نے پاکستان کی جانب سے 20جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کوبین الاقومی سطح پر اچھالنے کی بجائے آزاد کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو ختم کرے اورآزاد کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے ذریعے بین الاقومی برادری اور کشمیریوں کو گمراہ کرنا بند کردے ،پاکستان ہمارے ملک کے کسی بھی حصے میں لوگوں کو اکسانے ، تشدد اور دہشتگردی کی حمایت کرنا ترک کردے اور ہمارے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے سے باز رہے۔

جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ نے اپنے بیان میں کہاکہ یوم الحاق کشمیرمنانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان جموں وکشمیر کا خواہشمند ہے ،بھارت کا مطالبہ ہے کہ پاکستان آزاد کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو فوری طور پر ختم کرنے کی ذمہ داری کوپورا کرے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ پاکستان آزاد کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے ذریعے بین الاقومی برادری اور کشمیریوں کو گمراہ کرنا بند کردے ۔

وکاس سوراپ نے کہاکہ اسلام آباد میں مارچ اور احتجاج کی دھمکیوں کے پیش نظرپاکستان بھارتی ہائی کمیشن میں کے عملے اور انکے خاندان کومکمل تحفظ فراہم کرے ۔ ہم جموں وکشمیر کے واقعات سے متعلق پاکستان اور آزاد کشمیر میں گزشتہ دو روز سے ریلیاں اور بیانات دیکھ رہے ہیں۔ریلیوں کی قیادت اقوام متحدہ کی طرف سے دہشتگرد نامزد ہونے والے لوگ کررہے تھے ۔بھارت پاکستان کی طرف سے اس طرح کے دہشتگردوں اور انکی سرگرمیوں کی حمایت کی سختی سے مذمت کرتا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ ہم پاکستان سے ایک مرتبہ پھر کہتے ہیں کہ وہ ہمارے ملک کے کسی بھی حصے میں لوگوں کو اکسانے ، تشدد اور دہشتگردی کی حمایت کرنا ترک کردے اور کسی بھی انداز میں ہمارے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے سے باز رہے ۔