اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال کا انتقام ‘ لیگی کارکن چوہدری عبدالرحمان پر جعلی بیلٹ پیپرز کے استعمال کا الزام لگا کر تھانے میں بند کر ادیا

مسلم لیگ(ن) نے محمد ایوب کو تبدیل کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی، اے سی نے لیگی کارکن پرجھوٹا الزام لگاکر بدلہ لیا یہ ہماری پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش ہے ، چوہدری عبدالرحمن نے ووٹرز کی رہنمائی کے لئے سفید رنگ کا ڈمی بیلٹ پیپر استعمال کیا، اے سی کیخلاف چیف الیکشن کمشنر اور چیف سیکرٹری کو درخواست دیدی،لیگی کارکن کی فوری رہا کیاجائے ،مسلم لیگ (ن) کے رہنما ذوالفقار کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جولائی 2016 18:41

ڈڈیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جولائی ۔2016ء) اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال محمد ایوب نے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے اپنے خلاف درخواست دینے کا بدلہ لیتے ہوئے لیگی کارکن چوہدری عبدالرحمان پر جعلی بیلٹ پیپرز کے استعمال کا الزام لگا کر تھانے میں بند کر ادیا جبکہ مسلم لیگ(ن) نے اس اقدام کو پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے اے سی کیخلاف چیف الیکشن کمشنر اور چیف سیکرٹری کو درخواست دیدی اور کارکن کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے ڈڈیال کے اسسٹنٹ کمشنر محمد ایوب کیخلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی کہ اسے پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعینات کیا ہے اور خطرہ ہے کہ وہ علاقے میں دھاندلی کرائے گا اور اسے مبینہ طور پر یہی ٹاسک سونپا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے اسے یہاں سے تبدیل کیاجائے تاہم اے سی محمد ایوب کو یہ بات نہیں بھولی اور اس سے باقی تو کچھ نہیں ہو سکا لیکن اس نے اس کا بدلہ ایک لیگی کارکن چوہدری عبدالرحمن کو ناجائز طریقے سے تھانے میں بند کرا کر لے لیا ۔

مسلم لیگی رہنماؤں کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے الزام عائد کیا ہے کہ لیگی کارکن چوہدری عبدالرحمن نے ووٹ پول کرنے کیلئے جعلی بیلٹ پیپر استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹرز کو پیلے رنگ کے بیلٹ دئیے گئے جبکہ کارکن چوہدری عبدالرحمن کے پاس سفید رنگ کا سادہ کاغذ پر بنا ہوا فوٹوسٹیٹ بیلٹ پیپر تھا جو اس نے ووٹ ڈالنے کے لئے آنے والے ووٹرز کو سمجھانے اور ان کی رہنمائی کیلئے رکھا ہوا تھا اور وہ پارٹی کے ووٹرز کی رہنمائی کر رہا تھا جس پر اسسٹنٹ کمشنر محمد ایوب نے مبینہ طور پر بیلٹ پیپر کو جعلی قرار دے کر اسے گرفتار کرا دیا اور تھانے میں بند کرا دیا۔

تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنما ذوالفقار نے میڈیا کو بتایا کہ اے سی نے ہماری پارٹی کو بدنام کرنے کیلئے یہ الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کا الزام جھوٹا ہے اور ہم یہ ثابت کر کے دکھائیں گے۔ ذوالفقار نے بتایا کہ ہم نے اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف الیکشن کمشنر اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو درخواست دیدی ہے او ریہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ لیگی کارکن چوہدری عبدالرحمن کو فوری طو رپر رہا کیا جائے۔