جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین ایڈووکیٹ صغیر خان کو احتجاج کے باعث ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا

جے کے ایل ایف نے راولاکوٹ اور دیگر اضلاع میں انتخابات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں

جمعرات 21 جولائی 2016 16:12

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جولائی ۔2016ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین ایڈووکیٹ صغیر خان کو احتجاج کے باعث ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا‘ جے کے ایل ایف نے راولاکوٹ اور دیگر اضلاع میں انتخابات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مختلف ریلیاں نکالیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین ایڈووکیٹ صغیر خان الیکشن کے حوالے سے اقوام متحدہ کے دفتر میں یاداشت پیش کرنے کے لئے مارچ کی صورت میں راولاکوٹ سے مظفر آباد جارہے تھے کہ پولیس نے کوہالہ پل پر روک دیا تاہم جے کے ایل ایف کے کارکنوں نے پل پر دھرنا دے دیا جس کے بعد پولیس نے صغیر خان اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

جے کے ایل ایف نے گرفتاری کے خلاف انتخابات کے موقع پر راولاکوٹ اور دیگر اضلاع میں ریلیاں نکالیں اور انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔