آزاد کشمیر میں قانون سازاسمبلی کے انتخابات ‘ کئی پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ اور مار دھاڑ

جمعرات 21 جولائی 2016 15:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کے دور ان آزاد کشمیر سمیت پاکستان میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی اور مار دھاڑ کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے اراکین کے چناوٴ کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی تاہم پولنگ اسٹیشنز میں موجود ووٹرز کو مقررہ وقت کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔

گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات رونما ہوئے تاہم سیکیورٹی حکام نے موقع پر پہنچ کر معاملہ رفع دفع کرادیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں بھی کئی پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی جب کہ حویلی میں پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوائی فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

میرپور میں ڈھڈیال روڈ پر ووٹ ڈالنے کے لئے لائن میں کھڑا شخص دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔ اس کے علاوہ برنالہ کے علاقے جنڈ پیرا میں چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس سعید بغیر شناختی کارڈ کے ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تو انھیں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا گیا ‘ برنالہ میں ہی جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔انتخابات کے لئے 37 ہزار500 سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر ایک فوجی اہلکار بھی تعینات رہے جسے مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔

حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 پولنگ سیکیورٹی اہلکار تعینات رہے ‘ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات رہے جن میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شامل ہے ‘اس کے علاوہ ایمرجنسی کے لئے اضافی دستے اور کوئیک رسپانس فورس بھی الرٹ ہیں جنہیں ہیلی کاپٹر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔آزاد کشمیر کے انتخابات کے لئے 5429 پولنگ اسٹیشنز اور 8048 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ‘ الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مظفر آباد میں قائم کیا گیا ہے۔ انتخابات میں پیپلز پارٹی نے کسی بھی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا تاہم بعض حلقوں میں جماعت اسلامی اور (ن) لیگ ‘ بعض مقامات پر پی ٹی آئی اور مسلم کانفرنس نے اتحاد کیا ۔

متعلقہ عنوان :