بھارت نہتے کشمیریوں کیلئے قتل عام کیلئے فورسز کی حوصلہ افزائی کررہا ہے ‘یاسین ملک

جمعرات 21 جولائی 2016 13:06

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے افسوس ظاہر کیاہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کاقتل عام مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں جو کہ جموں وکشمیر میں رائج کالے قوانین کا نتیجہ ہیں جن کے تحت بھارتی فورسز کو انسانی حقو ق کی پامالیوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے جو گھر میں مسلسل نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاجنہوں نے کشمیریوں کے قتل عام کو حریت قیادت کے خلاف جنگ قراردیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بیانات سے کشمیریوں کے قتل عام کیلئے بھارتی فورسز کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نئے کہاکہ بھارت کے سینئر وزیر پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے قتل عام کوحریت قیادت کے خلاف بھارتی جنگ سے تعبیر کررہے ہوں تو کیا کہا جاسکتا ہے۔

اس سے بڑھ کر قاتل فوجیوں ،پولیس اور فورسز کو اور کیا شہہ حاصل ہوسکتی ہے کہ انہیں قاتل کے بجائے ہیرو قرار دیا جائے اور ان کے گناہوں کو قومی مفاد میں کیا گیا عظیم کام تصور کیا جائے۔ یاسین ملک نے وادی کشمیرمیں گزشتہ تیرہ روز جاری مکمل کرفیو، قدغنوں اور رکاوٹوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کرفیو سیاست نے کشمیریوں کی زندگی کو تتر بتر کردیا ہے اور کشمیری اشیائے خوردونوش سے لیکر ادویات اور بچوں کیلئے دودھ اور ضروری سامان سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لوگ 13دنوں سے ضروریات زندگی، ادویات، بچوں کی خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کیلئے ترس رہے ہیں۔ اس پر مستزاد یہ کہ انٹرنیٹ، فون، اخبارات اور دوسرے ذرائع ابلاغ پر قدغن عائد ہے تاکہ نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر اور انکے قتل عام کی خبروں کو بیرونی دنیا تک پہنچنے سے روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر لوگوں کی آواز کو دبانا اور نئے زمانے کی جملہ ضروریات کو لوگوں پر روک دینے کے عمل سے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیر کو ایک بڑے جیل اور کنسنٹریشن کیمپ میں تبدیل کردیا ہے اور یہاں کے لاکھوں لوگوں کو عملاً مقید کردیا گیا ہے۔

لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کہاکہ ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں جن میں ایک بڑی تعداد کی بینائی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے کو بھی کسمپرسی کی حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس ظلم وبربریت اورقتل و غارت گری کے مذموم سلسلے کے باوجود بھارتی حکمران اور انکے آلہ کار سب ٹھیک ہے کا شوشہ چھوڑ کر دنیا کے ساتھ ساتھ خود بھارتی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں اورمسئلہ کشمیر کی حیثیت و حقیقت سے بھی انکار کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جو قوم عرصہٴ دراز سے اپنی آزادی کی تحریک میں منہمک ہے اور اس راہ میں لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے چکی ہے اُسے منافقانہ سیاست سے بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :