مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مقبوضہ وادی سمیت آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے

کشمیر کو کسی بھی طرح بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا بھارت یہ بات سمجھ لے کہ وہ اب نہ تو لوگوں کے ذہنوں پر تالے لگا سکتا ہے نہ ہی ان کی آواز دبا سکتا ہے :وزیراعظم نوازشریف کا پغام

بدھ 20 جولائی 2016 10:23

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مقبوضہ وادی سمیت آج دنیا بھر ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20جولائی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مقبوضہ وادی سمیت آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے اور حریت رہنماﺅں کی جانب سے مزید تین دن ہڑتال اور یوم سیاہ کی کال دی گئی ہے جبکہ اب تک بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہدا کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔

مسلسل کرفیو سے بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے اور وادی کے باسیوں کا باہر کی دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے خوراک اور دواﺅں کی قلت کا سامنا ہے۔دوسری جانب موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی بند ہیںاس کے علاوہ مقبوضہ وادی میں اخبارات بھی شائع نہیں ہورہے ہیں۔ مظاہرے کے لیے نکلنے والوں پر بھارتی فورسز آنسو گیس فائر کررہی ہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنما گھروں میں نظر بند ہیں، بھارتی ظلم و جبر کے خلاف حریت رہنماﺅں کی کال پر وادی میں آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے اور اس موقع پرگھروں اور دکانوں پر سیاہ پرچم لہرایا جارہے ہیں۔پاکستان میں مختلف جماعتوں کی جانب سے احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ دفاتر میں سرکاری ملازمین سیاہ پٹیاں باندھ کر پہنچے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر کو کسی بھی طرح بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا-پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یہ عزم دہرا رہی ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں وہ کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ ہے۔

نہتے کشمیریوں کے قتل و غارت کے خلاف پاکستان میں شہر شہر گلی گلی ریلیاں اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ سیمینار بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری ملازمین نے سیاہ پٹیاں باندھ کا دفاتر میں حاضری دی اور کشمیر ی بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ،پاکستانی سفارت خانوں میں بھی یوم سیاہ کی مناسبت سے خصوصی تقریبات ہورہی ہیں ،بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی مختلف ممالک میں اقوام متحدہ کے دفاتر کے سامنے احتجاج کررہے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ کشمیر کو کسی بھی طرح بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا بھارت یہ بات سمجھ لے کہ وہ اب نہ تو لوگوں کے ذہنوں پر تالے لگا سکتا ہے نہ ہی ان کی آواز دبا سکتا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم ، اور درجنوں نہتے کشمیریوں کی شہادت پر وفاقی کابینہ نے 20 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا۔