وزیراعلیٰ پنجاب کی اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانے آمد،فرانس کی سفیرسے ملاقات ،نیس حملے کی شدید مذمت

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 19 جولائی 2016 20:20

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی19 جولائی ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف آج اسلام آباد میں فرانس کے سفارتخانے گئے اورفرانس کی سفیر مارٹین ڈورینس (Mrs. Martine Dorance) سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فرانس کے شہر نیس میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدیدمذمت کی اور وزیراعلیٰ نے فرانسیسی سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں بھی اپنے تاثرات درج کیے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر فرانسیسی سفیر سے نیس میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور جاں بحق افرا دکے لواحقین سے ہمدردی اور اظہارتعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کیلئے دعاکی۔وزیراعلیٰ نے فرانسیسی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

نیس میں بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے اور دہشت گردی کے اس اندوہناک واقعہ پر پاکستان اور پنجاب کے عوام فرانس کی حکومت اور عوام کیساتھ ہیں ۔ نیس میں دہشت گردی کے المناک واقعہ پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے اقوام عالم کو مل بیٹھ کرموثر اقدامات کرناہوں گے۔انہوں نے کہا کہ معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد انسان نہیں، سفاک درندے ہیں اور وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں اور وہ کڑی سے کڑی سزا کے حقدار ہیں۔