وزیراعلیٰ پنجاب اور چینی سفیر کی ملاقات،سی پیک کے تحت منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 19 جولائی 2016 20:18

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی19 جولائی ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج چین کے سفیر سن ویڈانگ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کے سفیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی نئی منزلوں کو چھو رہی ہے ۔

چین ایک مخلص اور بااعتماد دوست کی طرح ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے - وزیراعظم محمد نوازرشریف کے دور میں پاکستان اور چین کیساتھ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط ہوئے ہیں - پاکستان اور چین نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امور پر ہمیشہ دونوں ممالک کا موقف یکساں رہا ہے- وزیراعلیٰ شہبازشریف نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے ۔

(جاری ہے)

سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پرانتہائی تیزرفتاری سے کام ہورہا ہے- سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں -چین پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے اورسی پیک ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے -چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے منصوبے سے پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک بھی استفادہ کریں گے اورخطے میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔

چین کا پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا تاریخی پیکیج دراصل چینی قیادت کاپاکستان کی عوام سے والہانہ محبت اوروزیراعظم نوازشریف کی پالیسیوں پر بھر پوراعتماد کا اظہار ہے ۔چین نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج دیا ہے ،جس پر پوری پاکستانی قوم چینی قیادت اورعوام کی ممنون ہے ۔ہماری آئندہ نسلیں بھی چین کی اس فراخدلی ،مشکل وقت میں ہاتھ تھامنے اوراربو ں ڈالر کی سرمایہ کاری کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کی تسلسل کیساتھ فراہمی چین کی قیادت اورایگزم بینک کے اعلی حکام کا پنجاب حکومت پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اورمنفردپراجیکٹ ہے جس سے عوام کو بین الاقوامی معیار کی جدید ،تیزرفتاراورباکفایت سفری سہولتیں ملیں گی۔

بلاشبہ میٹروٹرین کا منصوبہ چین کی قیادت کاپاکستان کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی اورخوشحالی کا سفر دوبارہ شروع ہوچکا ہے اورنئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔پاکستان کے 18 کروڑ عوام چین کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر بے حد خوش ہیں اور چائنہ پاکستان اکنامک کویڈور عظیم سفر کا آغاز ہے اوراس سفر کو عزم اورمحنت کے ساتھ ملکر طے کریں گے۔چین کے سفیر سن ویڈانگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اور دو طرفہ معاشی تعاون ہر گزرتے لمحے فروغ پا رہا ہے-انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو فروغ دینے میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں -