وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزہرانی سے ملاقات

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 19 جولائی 2016 20:18

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی19 جولائی ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزہرانی (Mr. Abdullah Marzouk Al-Zahrani)سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات کے دوران رمضان المبارک میں مدینہ منورہ، جدہ اور قطیف میں ہونے والے دھماکوں کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی۔

وزیراعلیٰ نے دھماکوں میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو ان حملوں پر دلی دکھ اورصدمہ پہنچا اورمیں ان اندوہناک واقعات میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہوں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی بہت عزیز ہے اور پاکستان اس ضمن میں سعودی عرب کیساتھ کھڑا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے عوام کی تمام تر ہمدردیاں سعودی عرب کی حکومت اور عوام کیساتھ ہیں۔ مدینہ منورہ دوارب مسلمانوں کی عقیدتوں اور محبتوں کا محور و مرکز ہے۔ دشمن نے امت مسلمہ کے دل پر حملہ کیا ۔ مدینہ منورہ جیسے مقدس مقام پر آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والوں کے گھناؤنے فعل سے ہر مسلمان کی روح زخمی ہو ئی اوراس مقدس شہر کی حرمت اور تقدس کے خلاف ہر سازش کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا ۔

سعودی عرب میں ہونے والے دھماکوں کے مجرموں کو دنیا اور آخرت دونوں میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی طرف سے مکمل یکجہتی اور اخوت کا یقین دلاتا ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ، برادرانہ، مذہبی اورتاریخی تعلقات قائم ہیں۔سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ سعودی سفیر نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور معاشی ترقی کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کو سراہا ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

متعلقہ عنوان :