بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکے نہتے شہریوں کا قتل عام قابل مذمت ہے:شہبازشریف

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 19 جولائی 2016 20:18

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی19 جولائی ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکے نہتے شہریوں کا قتل عام قابل مذمت ہے۔بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔بھارت کی جانب سے غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھناانسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

میں کشمیر کے ان بہادرعوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے آزادی کیلئے جام شہادت نوش کیا اورآزادی کے پروانوں کی راہ میں بھارتی جارحیت حائل نہیں ہوسکتی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ منانے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی اور مجھے یقین ہے کہ کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظالمانہ حربوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن بحال نہیں ہو سکتا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کا کشمیر سے ہمہ جہتی کا رشتہ ہے اور کوئی بھی پاکستانی کشمیر کو بھلا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں تمام فورموں پرکشمیر کے مسئلے کو بھر پور طریقے سے اجاگر کیا ہے اورہم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔

متعلقہ عنوان :