ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی سماعت،پانچ ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر، روف صدیقی، پی ایس پی رہنما انیس قائمخانی گرفتار، پیپلز پارٹی رہنما قادر پٹیل فرار ہونے میں کامیاب عدالت نے دروازے بند کر وادئے ، پولیس کی بھاری نفری تعینات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 جولائی 2016 14:33

ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی سماعت،پانچ ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جولائی 2016ء) : انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر، روﺅف صدیقی ، پی ایس پی رہنما انیس قائمخانی اور پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل کی درخواست ضمانت پر توثیق کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت کے لیے دی جانے والی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے ۔

ملزمان کی درخواستوں کو عینی شاہدین اور گواہوں کے بیانات کو مد نظر رکھتے ہوئے مسترد کیا گیا۔ درخواست مسترد ہونے کے بعد وسیم اختر نے کمرہ عدالت سے باہر جانے کی کوشش کی جس پر عدالت نے دروازے پر تالہ بندی کرنے کا حکم جاری کیا ۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر اور وکلا میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ البتہ پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل انسداد دہشتگردی کی عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ مجھے گارڈ ز دئے جائیں تا کہ ملزمان کو گرفتار کر سکوں۔ایم کیو ایم رہنما روﺅف صدیقی نے کہا کہ تمام معاملات طے ہیں۔ ہمیں سیاسی انتقال کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے کہا کہعدالت نے ہماری درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کرنے کے بعد گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے ، انہوں نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہیں، جس کے خلاف ہم ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔

پولیس نے ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر، رؤف صدیقی ، پی ایس پی رہنما انیس قائمخانی کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پی پی رہنما قادر پٹیل فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، اے ٹی سی کے مرکزی گیٹ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف اسپتال میں دہشتگردوں کے علاج معالجے کا کیس زیر سماعت ہے۔