ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ٹی ایم اے کی ناقص کارکردگی ، بارش اہل ٹوبہ کیلئے زحمت قبرستان میں سینکڑوں قبریں مسمارہو گئیں

منگل 19 جولائی 2016 13:03

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جولائی ۔2016ء) ٹی ایم اے کی ناقص کارکردگی ، بارش اہل ٹوبہ کیلئے زحمت قبرستان میں سینکڑوں قبریں مسمارہو گئیں -ٹی ایم اے کی ناقص کارکردگی نے بارش شہریوں کے لیے زحمت بنا دی ، نشیبی علاقوں کے مکانات کے علاوہ قبرستان بھی پانی سے بھر گیا ۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے شہر میں جگہ جگہ جوہڑ بن چکے ہیں جبکہ نکاسی آب کا نظام غیر فعال ہونے کی وجہ سے بارشی پانی نہ صرف گھروں میں گھس کر تباہی مچا رہا ہے بلکہ محلہ نیو اسلام پورہ گارڈن ٹاون نور پارک اسلام پورہ سے ملحق قبرستان بھی پانی سے بھر گیا ہے جس سے متعدد قبریں مسمار ہو گئی ہیں ۔

جبکہ گوجرہ روڈ پر واقع شہر کے اکلوتے انڈر پاس کی ہے جس میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا گزرنا ناممکن ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ فیسکو دفاتر کے بالکل سامنے موجود یہ انڈر پاس ٹرین آنے کی صورت میں ٹریفک کے لیے واحد گزرگاہ ہے مگر بارش آنے کی صورت میں یہ پانی سے بھر جاتا ہے۔تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے اس جگہ سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے کوئی مناسب بندوبست نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث جب بھی بارش ہوتی ہے تو ریلوے پھاٹک بند ہونے پر شہباز چوک میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔

اتوار اور آج صبح لگاتار برسنے والی موسلا دھار بارشوں کے بعد بھی کچھ ایسا ہی ہوا، انڈر پاس پانی سے بھر گیا اور یہاں سے آمدورفت ممکن نہیں رہی جس کے باعث شہر کے اکلوتے ریلوے پھاٹک پر ٹریفک جام ہے۔محمد وسیم ریلوے پھاٹک کے قریب ملک نیوز ایجنسی کے نام سے سٹال پر اخبار اور میگزین فروخت کرتے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ انڈر پاس میں پانی بھر جانے کے باعث فیصل آباد اور جھنگ سے کمالیہ، پیر محل اور ملتان کی طرف جانے والی ٹریفک کے گزرنے کے لیے واحد راستہ شہباز چوک میں موجود ریلوے پھاٹک ہی ہے۔

ان کے مطابق ایسے میں اگر ٹرینوں کی آمدورفت کے باعث پھاٹک بند ہو جائے تو گوجرہ روڈ، جھنگ روڈ اور کمالیہ روڈ کے اطراف میں گاڑیوں کی لائنیں لگ جاتی ہے اور شہباز چوک گاڑیوں سے بھر جاتا ہے۔"رش اتنا زیادہ ہوتا کہ آس پاس موجود پھل فروشوں کے کاروبار پر اثر ڈالتا ہے جبکہ ٹوبہ کے باسی بارش کے بعد ٹریفک کی ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر گھروں سے نکلنے سے گریز کرتے ہیں۔

"تحصیل مونسپل آفیسر رانا غلام دستگیر خاں کہتے ہیں کہ مسلسل بارشوں کے بعد ٹی ایم اے کا عملہ شہر بھر سے پانی کی نکاسی کے عمل میں مصروف ہے۔"گزشتہ روز اتوار کی چھٹی کے باوجود مجھ سمیت تمام عملہ نے صبح چھ بجے سے رات گیارہ بجے تک ڈیوٹی سر انجام دی ہے تاکہ شہریوں کے لیے مسائل پیدا نہ ہوں۔"انھوں نے بتایا کہ سابق دور میں سیوریج لائنیں ڈالتے وقت نکاسی آب کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث یہ مسائل سامنے آ رہے ہیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی بندش کے باوجود جنریٹرز چلا کر موٹروں کے ذریعے انڈر پاس سے پانی نکالا جا رہا ہے اور جلد ہی اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ شہریوں نے صورت حال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی اوسے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کا فوری طور پر بند وبست کیا جائے تاکہ لوگ بڑے نقصان سے بچ سکیں جبکہ فرائض میں غفلت برتنے والے ٹی ایم اے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :