کسی بھی ملک کی ترقی و خشحالی کے لیے جمہوریت بہترین راستہ ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی ملک میں جمہوریت اور جمہوری نظام کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

پیر 18 جولائی 2016 23:26

اسلام آباد ۔ 18 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خشحالی کے لیے جمہوریت بہترین راستہ ہے، پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی ملک میں جمہوریت اور جمہوری نظام کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ جماعتوں کے سربراہان جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مگن رہتے ہیں جبکہ ہماری قوم جمہوری نظام کی حامی ہے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی ملک میں جمہوریت اور جمہوری عمل کو مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہیں جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا فوج کے آنے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے کا بیان نامناسب اور غیر سنجیدہ ہے اس لیے انہیں چاہیئے کہ کوئی بھی بیان دینے سے قبل اچھی طرح سوچ لیا کریں کیونکہ بعد میں انکے ترجمان صفائیاں دینے بیٹھ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ مشیر خارجہ اور خارجہ امور کے دیگر حکام خارجہ پالیسی کے حوالے سے پارلیمنٹ میں بریفنگ دیتے رہتے ہیں اور اپنا کام بہتر طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 2013ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ملکی معاشی استحکام سمیت ملک سے اندھیروں کے خاتمے اور دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارے کے لیے موثر اور اہم اقدامات کیے جس کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں اور بہت جلد ملک سے اندھیروں کے خاتمے سمیت دیگر چیلنجوں پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ آج ملک ماضی کی نسبت ترقی کر رہا ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔