21جولائی کو آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب حاصل کریگی ،بھارتی ا فواج بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کو اپنے حق خودارادیت کی جدوجہدسے دستبردار نہیں کرسکتی، ارکان صوبائی اسمبلی اور سیاسی رہنماوں کا تقریب سے خطاب

پیر 18 جولائی 2016 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جولائی ۔2016ء) ارکان صوبائی اسمبلی اور سیاسی رہنماوں نے کہا ہے کہ 21جولائی کو آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب حاصل کریگی ،بھارتی ا فواج بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کو اپنے حق خودارادیت کی جدوجہدسے دستبردار نہیں کرسکتی ،موجودہ مخلوط صوبائی حکومت کی کوششوں سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔

یہ بات مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود خان ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی منظوراحمدکاکڑ، ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ ،وزیراعلیٰ بلوچستان کے پولیٹیکل سیکریٹری سیدال خان ناصر،مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے صوبائی صدر سردار نقیب ترین، وزیراعلیٰ کے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر مرزا شمشاد مغل، کمال باروزئی ،اشرف ڈار، قیوم ماگرے، سردار نوید اصغر اور شوکت کشمیری نے مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمودخان نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے جموں سے امیدوار ناصر حسین ڈار اور ویلی سے امیسدوار محمد نعیم خان ایڈؤوکیٹ کے ہمراہ ہم نے کوئٹہ میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائی ہے اور مسلم لیگ(ن) کے امیدوار بڑی امیدیں لیکر واپس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردارادا کیا ہے 21جولائی کو بلوچستان میں بسنے والے کشمیری عوام مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے انتخابی نشان شیر پر ٹھپہ لگاکر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری کے ساتھ ہیں۔ پشتونخوامیپ کے رکن صوبائی اسمبلی منظوراحمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب تھی تعلیم ،صحت سمیت تمام ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے مخلوط صوبائی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کی شبانہ روز کوششوں سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال ہوئی ہے اور عوام میں پائے جانے والے عدم تحفظ کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیم اور صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے جس سے سکولوں میں طلبہ و طالبات اور ہسپتالوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اوراساتذہ و ڈاکٹروں کو اپنی ڈیوٹیوں کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے تین سال کے دوران خطیر رقم خرچ کی ہے اور ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں۔

ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کی کوششوں سے صوبے میں امن و امان قائم ہوا ہے اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کی خوبصورتی اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے خطیر رقم مختص کی ہے جو انکی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 21جولائی کا سورج مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ ،وزیراعلیٰ بلوچستان کے پولیٹیکل سیکریٹری سیدال خان ناصر،مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے صوبائی صدر سردار نقیب ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والے کشمیری عوام نے صوبے کی تعمیر و ترقی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہم نے مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے ساتھ ملکر انتخابی مہم چلائی ہے اور عوام نے مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے حق میں فیصلہ سنادیا اور انشاء اﷲ 21جولائی کو مسلم لیگ(ن) کے امیدوار بلوچستان سے بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں نواب ثناء اﷲ زہری کی قیادت میں فعال ہے اور عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوجیو ں کی فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ کشمیری نواجونوں کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے منحرف ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ رائے شماری پاکستان کے حق میں ہوگی کشمیر نے پاکستان کا حصہ بننا ہے اور بن کر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھائیں بلوچستان کے عوام انکے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما کمال باروزئی نے کشمیری عوام قربانیوں پر لکھی گئی اپنی نظم بھی پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر شہید کشمیری عوام اور بلوچستان کے شہدا کی درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔