بلاول بھٹو کا بان کیمون کے نام خط

کشمیر میں ریاست تشدد کا فوری طور پر نوٹس اور وہاں انسانی وقار، انسانی حقوق اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکا جائے،اقوا م متحدہ سیکرٹری جنرل سے مطالبہ

پیر 18 جولائی 2016 23:03

بلاول بھٹو کا بان کیمون کے نام خط

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی توجہ بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری عوام پر ظلم اور ان کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب دلائی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران 40 سے زائد لوگ بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہو چکے ہیں۔

کشمیری عوام کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے لئے مظاہرے کر رہے ہیں اور انہیں حقِ خودارادیت اقوام متحدہ نے کئی چھ عشروں قبل دیا تھا۔ انہوں نے کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جنوبی ایشیا کے خطے میں ایک انتہائی حساس علاقہ ہے اور پاکستان میں جو بھی حکومت ہوتی ہے وہ حکومت اور پاکستانی عوام کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت نے کشمیر میں پچھلی کئی دہائیوں سے 60لاکھ فوج تعینات کی ہوئی ہے اور کشمیری عوام چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری نے ان سے اقوام متحدہ کی قرارداد کے ذریعے ان کی حقِ خودارادیت کے لئے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کشیدگی سے پورا خطہ عدم استحکام کاشکار ہو سکتا ہے۔ پاکستان کشمیر کے مسئلے کا غیرفوجی حل چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ آپ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سیکریٹری جنرل سے کہا کہ کشمیر میں ریاست تشدد کا فوری طور پر نوٹس لیں اور وہاں انسانی وقار، انسانی حقوق اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکا جائے۔ ۔

متعلقہ عنوان :