وزیر خزانہ سے ارجنٹینا کے سفیر کی ملاقات ٗ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیر خزانہ کی پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ اور پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اندر فعال بنانے کیلئے ہدایات

پیر 18 جولائی 2016 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان میں ارجنٹینا کے سفیر ایوان ایونزیوچ نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ کامیابیاں حکومت کی جانب سے پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میں مخلصانہ اور مسلسل اصلاحات کے نتیجہ میں ممکن ہوئیں۔

پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب ترقی اور نمو کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ارجنٹینا کے ساتھ اقتصادی اور مالیاتی مینجمنٹ کے شعبہ میں تجربات کے تبادلہ کیلئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے ارجنٹائن کے سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارجنٹائن کے سفیر نے گزشتہ تین سالوں کے دوران حکومت پاکستان کی اقتصادی کامیابیوں کو سراہا۔

دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ اور پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اندر فعال بنانے کیلئے ہدایات جاری کردیں۔ وزارت خزانہ کے سینئر حکام کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے مالی سال 2016-17ء کے بجٹ میں متعارف کرائے گئے نئے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر کو مختلف سکیموں کے آغاز سے متعلق اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ اور پاکستان مائیکرو فنانس انویسٹمنٹ کمپنی کی فعالیت کے حوالے سے تمام اقدامات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران یہ اپنا کام شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقتصادی نمو کے حصول کیلئے کوشاں اور اس سلسلے میں یہ اقدامات اہم کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر کو ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ وارنٹی ایجنسی کے سی ای او کے دورہ کے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کمپنیز بل 2016ء میں نئے تصورات کو متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کے دور ان کمپنیز بل 2016ء کے مسودہ پر اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین ایس ای سی پی نے بتایا کہ وزیر خزانہ کی ہدایات کی روشنی میں مشاورتی عمل مکمل کیا گیا ہے اور مختلف شراکتداروں کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے بل کے مسودہ میں ترامیم بھی کی گئی ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ بل کا مسودہ باقاعدہ طور پر وزارت خزانہ اور وزارت قانون کو پیش کیا جائے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ نئے متعارف کردہ تصورات کا متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ کیا جائے۔ بھرپور مشاورت اور تمام شراکت داروں کی آراء کی روشنی میں ہی نئے متعارف کردہ تصورات کو مجوزہ کمپنیز بل میں شامل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :