سینٹ کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بہیمانہ تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت

اقوام متحدہ ٗ او آئی سی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں واقعات کا نوٹس لیں ٗ ایوان بالا نے قرار داد منظور کرلی

پیر 18 جولائی 2016 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) سینٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بہیمانہ تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ٗ او آئی سی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں واقعات کا نوٹس لیں ۔ پیر کو سینٹ آف پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کی حالیہ لہر کی شدید مذمت کرتی ہے۔

پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور نہتے عوام پر تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں‘ اقوام متحدہ ‘ او آئی سی اور بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے حالیہ تشدد کے واقعات کا نوٹس لے اور ان کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

یہ ایوان اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کسی تاخیر کے بغیر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور اپنی نگرانی میں کشمیر میں آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کے انعقاد کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ تمام بین الاقوامی فورمز پر یہ معاملہ اجاگر کریں اور کشمیر کے تنازعہ کے حل کے لئے سفارتی سطحوں پر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ چیئرمین سینٹ نے قرارداد پر ایوان کی رائے حاصل کی۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔

متعلقہ عنوان :