سینیٹ میں عبدالستار ایدھی ، امجد صابری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف قراردادیں اتفاق رائے سے منظور

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں ،اقوام متحدہ کسی تاخیر کے بغیر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور اپنی نگرانی میں کشمیر میں آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کے انعقاد کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ،ایوان قومی اور انسانیت کے ہیرو عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، ان کی وفات صرف پاکستان نہیں پوری انسانیت کا نقصان ہے، ان کی وفات سے پیدا خلا برسوں پورا نہ ہوگا، امجد صابری کی وفات قوالی کی دنیا کا عظیم نقصان ہے ، وفاقی اورسندھ حکومت معروف قوال کے قتل میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے فوری اقدامات کریں ، قراردادوں میں مطالبہ

پیر 18 جولائی 2016 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جولائی ۔2016ء) ایوان بالا نے عبدالستار ایدھی ،معروف قوال امجد صابری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لیں۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس یہ قرار دادیں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق اور سنیٹر مشاہد حسین سید نے پیش کیں۔

عبدالستار ایدھی بارے قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان قومی ہیرو اور انسانیت کے ہیرو عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ ان کی وفات نہ صرف پاکستان بلکہ پوری انسانیت کا نقصان ہے۔ انہوں نے پوری زندگی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا برسوں پرنہ ہوگا۔

(جاری ہے)

قرارداد میں عبدالستار ایدھی کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قرارداد میں دعا کی گئی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ یہ قرارداد کئی ارکان کی تائید سے پیش کی گئی ہے۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔ سینیٹر سعید غنی نے امجد صابری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں امجد صابری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے امجد صابری کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امجد صابری کی وفات قوالی کی دنیا کا عظیم نقصان ہے لیکن وہ اپنی قوالیوں اور کلام کی صورت میں اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان امجد صابری کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہے اور حکومت سندھ اور وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیتا ہے کہ امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

امجد صابری کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ ایوان بالا نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ سنیٹر مشاہد حسین سید کی جانب سے مقبوضہ کشمیر بارے منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کی حالیہ لہر کی شدید مذمت کرتی ہے۔

پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور نہتے عوام پر تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں‘ اقوام متحدہ ‘ او آئی سی اور بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے حالیہ تشدد کے واقعات کا نوٹس لے اور ان کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کریں۔

یہ ایوان اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کسی تاخیر کے بغیر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور اپنی نگرانی میں کشمیر میں آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کے انعقاد کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ تمام بین الاقوامی فورمز پر یہ معاملہ اجاگر کریں اور کشمیر کے تنازعہ کے حل کے لئے سفارتی سطحوں پر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ چیئرمین سینٹ نے قرارداد پر ایوان کی رائے حاصل کی۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دید