آسٹریلیا اورپنجاب حکومت نئے کاروباری افراد کی تربیت کیلئے مل کر کام کرینگے‘مارگریٹ ایڈمسن

پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چھوٹے کاروبار کو فروغ دیا جا سکے‘ آسٹریلوی ہائی کمشنر کا پلان9کی تقریب سے خطاب پنجاب آئی ٹی بورڈ کا مایہ ناز پروگرام پلان9اب تک 100سے زائد سٹارٹ اپ کمپنیاں تیار کر چکا ہے،پاکستان میں ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے قیام اور ترقی میں پلان9کا کلیدی کردار ہے‘ڈاکٹر عمر سیف

پیر 18 جولائی 2016 19:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) آسٹریلوی ہائی کمشنر برائے پاکستان مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ آسٹریلوی حکومت پنجاب آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے پاکستان کے نوجوان کاروباری افرادبالخصوص خواتین کو تربیت فراہم کرنے کے لئے بھر پور کام کرے گی تاکہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چھوٹے کاروبار کو فروغ دیا جا سکے۔

وہ شام ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ پلان9کے آٹھویں لانچ پیڈ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔پلان9کے بانی چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف نے تقریب کی میزبانی کی جبکہ اس میں ملک بھر سے اہم کاروباری شخصیات اورآٹھویں سیشن کے 150امیدواربھی موجود تھے۔مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ گذشتہ سال ہم نے پلان9کے ساتھ بزنس انکیوبیشن مینجمنٹ شارٹ کورس منعقدکیا تھا جس سے شرکا ء کو نادر اور جدید تصورات سیکھنے کا موقع ملا جبکہ اس سے صنعت اور کاروباری تعلیم کے مابین ایک رابطہ بھی استوار ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس اشتراک سے سمال اینڈ میڈیم کاروبار کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی معیشت مستحکم ہو گی۔ ڈاکٹر عمر سیف نے شرکا ء کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چار سال کی انتھک محنت کے بعد آج ہم انکیوبیشن کے آٹھویں سائیکل میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور بہت سے لوگوں کے تعاون سے آج سٹارٹ اپ انکیوبیشن ایک باوقارصنعت کا درجہ اختیار کر چکی ہے۔

پلان9اب تک 100سے زائد ایسی نئی کمپنیاں تیار کر چکا ہے جو قومی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر پنجاب آئی ٹی بورڈ کا نام روشن کر رہی ہیں۔ یہ پلان 9کا کمال ہے کہ پاکستانی نوجوان روزگار تلاش کرنے والے نہیں بلکہ روزگار دینے والے بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھر پور تعاون پر آسٹریلوی حکومت کے شکر گذار ہیں۔ پلان 9کے ڈائریکٹر نبیل قدیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹارٹ اپ انکیوبیشن کا آئیڈیا نیا تھا جو اب ملک بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا ہے اور کئی یونیورسٹیاں ،کالج ، ادارے اسے اپنانے میں خوشی محسوس کر رہے ہیں۔لانچ پیڈ میں 15حتمی سٹارٹ اپ امیدواروں کا انتخاب بھی کیا گیا۔