Live Updates

تحریک انصاف وومن ونگ پنجاب کے زیر اہتمام کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پاکستانی عوام کا دل ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، ظلم و ستم کی اس حالیہ لہر کے خلاف پاکستانی عوام ہر سطح پر آواز بلند کر رہے ہیں بھارتی افواج کو کشمیر کے معصوم عوام پر ظلم و بربریت کی داستان لکھتے ہوئے ستر برس ہو رہے ہیں، سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار ملک کو اپنے آئین کی پامالی پر شرمندگی ہوئی نہ ہی عالمی ضمیر جاگا، کونسا ظلم ہے جو اس خطے پر روا نہیں رکھا گیا‘ سلونی بخاری کا احتجاجی مظاہرے میں شریک شرکاء سے خطاب

پیر 18 جولائی 2016 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ پنجاب کی صدر سیدہ سلونی بخاری نے وسطی پنجاب کی عہدیداران کا اجلاس چیئرمین سیکریٹیریٹ میں طلب کیا۔اجلاس کی صدارت سیدہ سلونی بخاری نے کی جبکہ وومن ونگ پنجاب کی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔یہ اجلاس چییٔرمین پاکستان تحریک انصا ف کی جانب سے ونگز بحال کرنے کے فیصلے کے بعد آیٔندہ کالائحہ عمل طے کرنے کے لئے بلایا گیا تھا۔

اجلاس میں وسطی پنجاب کے اضلاع کی وومن ونگ کی صدور اور جنرل سیکرٹیریز شامل تھیں ان صدور نے اپنے اپنے ضلع کی تنظیم کا احوال و کارکردگی پیش کی۔ سیدہ سلونی بخاری نے اجلاس سے خطاب میں ضلعی اور ریجنل تنظیموں کی ساخت، کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اور ریجنل تنظیموں کے لیے بے حد ضروری ہے کہ وہ پنجاب کی مرکزی مجلس عاملہ سے ہمیشہ رابطے میں رہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تنظیموں اور مجالس عاملہ کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ دیگر ونگز سے اپنا رابطہ مضبوط رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ونگز کی بحالی کے بعدیہ ضروری ہے کہ نئے جذبے سے کام کر کے چیئرمین پاکستان تحریک انصا ف کے ونگز پر اعتماد کو درست ثابت کیا جائے۔خصوصا پانامہ لیکس کے حوالے سے چیئرمین کی کال پر بھرپور لبیک کہنے کی تیاری رکھی جائے ۔اجلاس میں وسطی پنجاب کے اضلاع کی نمائندگی کے لیے ضلع لاہور کی جانب سے روبینہ جمیل (صدر)، فرحت خالد ( جنرل سیکریٹری) ،ضلع شیخوپورہ سے حمیراکاظمی ، جمیلہ، قصور سے روبینہ انصاری، ننکانہ صاحب سے شاہین کھرل، گوجرانوالہ سے طاہرہ، فوزیہ، نارووال سے تسنیم، سیالکوٹ سے فرح اعظمی، بشریٰ علوی،گجرات سے راحیلہ، منڈی بہاؤالدین سے بینش افتخار،حافظ آبادسے نصرت ضیاء ، چونیاں سے ثروت نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ایم پی اے سعدیہ سہیل، سیما انوار، شبنم جہانگیر،لبنی ملک، آرکیٹیکٹ سمیرا عابد،روبینہ عزیز، روبینہ طارق اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے بعدوومن ونگ کے زیر اہتمام چیئرمین سیکرٹریٹ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت سیدہ سلونی بخاری نے کی خواتین نے کشمیری عوام پر ہونے والی بھارتی ظلم و ستم کی تازہ لہر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

خواتین نے پلے کارڈز ، بینرز اور نعروں کے ذریعے بھارت مخالف جذبات کا اظہار کیا۔ پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ کی خواتین نے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج کو کشمیر کے معصوم عوام پر ظلم و بربریت کی داستان لکھتے ہویٔے ستر برس ہو رہے ہیں، لیکن سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار ملک کو اپنے آئین کی پامالی پر شرمندگی ہوئی نہ ہی عالمی ضمیر جاگا۔

کونسا ظلم ہے جو اس خطے پر روا نہیں رکھا گیا۔ ڈل جھیل کی آنکھوں کے آنسو آج بھی خشک نہیں ہوئے۔ اس میں تیرنے والے شکاری آج بھی اپنے شہداء کی یاد میں بین کرتے ہیں۔حبہ خاتون کے شعر آج بھی آسیہ اندرابی کی جدوجہد میں زندہ ہیں۔پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ پنجاب کی صدر سیدہ سلونی بخاری نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دل ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

ظلم و ستم کی اس حالیہ لہر کے خلاف پاکستانی عوام ہر سطح پر آواز بلند کر رہے ہیں۔ تاہم حکومت کی طرف سے جس ردعمل کی توقع تھی وہ کسی طور نظر نہیں آرہا خصوصا کشمیر کمیٹی اور اس کے چیٔرمین تاحال عالم خواب میں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے باآواز بلند اپنا مؤقف دیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ بھی بھارتی ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ نیز عالم اسلام کو جاگنے کا مشورہ اور ضمیر عالم کو ظلم کے خلاف ہم آواز ہونے کی دعوت بھی دیتا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات