Live Updates

رجب طیب اردگان کی جگہ نوا زشریف حکمران ہوتے تو ترکی میں فوجی بغاوت کامیاب ہو جاتی ٗ عمران خان

مشرف نے اقتدار سنبھالا تو نواز شریف کی حمایت ایک آدمی بھی باہر نہیں نکلا ٗ اب بھی ایسا ہی ہوگا ٗجس ملک کا حکمران اور کابینہ کرپٹ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا ٗنواز شریف کے احتساب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ٗبیرسٹر سلطان آزاد کشمیر کے وزیر اعظم بنے تو وہ بھی احتساب سے بالا تر نہیں ہونگے ٗجلسے سے خطاب پی ٹی آئی کشمیر اور مسلم کانفرنس ملکر حکومت بنائیں گے ٗبیرسٹر سلطان محمود مسلم کانفرنس اور پی ٹی آئی کا اتحاد آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا ٗسردار عتیق احمدخان

پیر 18 جولائی 2016 18:24

رجب طیب اردگان کی جگہ نوا زشریف حکمران ہوتے تو ترکی میں فوجی بغاوت کامیاب ..

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ رجب طیب اردگان کی جگہ نوا زشریف حکمران ہوتے تو ترکی میں فوجی بغاوت کامیاب ہو جاتی ٗ مشرف نے اقتدار سنبھالا تو نواز شریف کی حمایت ایک آدمی بھی باہر نہیں نکلا ٗ اب بھی ایسا ہی ہوگا ٗجس ملک کا حکمران اور کابینہ کرپٹ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا ٗنواز شریف کے احتساب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ٗبیرسٹر سلطان آزاد کشمیر کے وزیر اعظم بنے تو وہ بھی احتساب سے بالا تر نہیں ہونگے۔

آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پاکستان تباہی کی طرف جا رہا ہے کیونکہ یہاں کرپشن میں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جس ملک کا حکمران اور کابینہ کرپٹ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا، جس ملک کا سربراہ چور ہو وہ تباہ ہوجاتا ہے، احتساب ہمیشہ اوپر سے شروع ہوتا ہے اس لئے وزیراعظم نواز شریف کے احتساب تک اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

جمہوریت کی حفاظت عوام کرتے ہیں، اگر ترکی میں رجب طیب اردگان کی جگہ نواز شریف حکمران ہوتے تو وہاں بغاوت کامیاب ہو جاتی۔عمران خان نے کہا کہ جب مشرف نے پاکستان میں اقتدار سنبھالا تو نواز شریف کی حمایت میں ایک آدمی بھی باہر نہ نکلا اب بھی ایسا ہی ہوگا بلکہ اب تو حالات اس سے بھی برے ہیں ٗانہوں نے کہا کہ چور چوروں کا احتساب نہیں کر سکتا ٗ نواز شریف سے کرپٹ آدمی ساری زندگی نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نیب نے بری کر دیا جس نے حلفیہ بیان دیا تھا کہ میں نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کرتا تھا۔نواز شریف پر نیب میں 13کیسز ہیں ۔ ان کی کارروائی نہیں چلائی جاتی۔اصل احتساب ہم کریں گے جو مجھ سے شروع ہوگا۔عمران خان نے کہاکہ ملک میں تبدیلی کا یہی وقت ہے اس لئے 21 جولائی کو عوام نظریے اور سوچ کو ووٹ دیں، اگر موجودہ حکمرانوں نے عوام کے حالات بہتر بنانے ہوتے تو اب تک کر چکے ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے آصف زرداری کا پیٹ چیر کر پیسے نکالنے کے دعوے کئے جو دھرے کے دھرے رہ گئے کیونکہ یہ لوگ خود بہت بڑے کرپٹ ہیں، ہماری حکومت میں احتساب مجھ سے شروع ہوگا ٗبیرسٹر سلطان اگر آزاد کشمیر کے وزیراعظم بنے تو وہ بھی احتساب سے بالاتر نہیں ہوں گے کیونکہ کرپشن احتساب سے ہی ختم ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہاکہ پاناما لیکس نے ملک سے باہر نواز فیملی کی اربوں روپے کی جائیداد بے نقاب کر دی۔نواز شریف کو پاکستان کی نہیں بلکہ بھارت میں اپنے کاروبار کی فکر ہے ٗاگر ہمیں انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر نکلیں گے اور اتنی بڑی تعداد میں نکلیں گے کی ن لیگ کو پتہ چل جائیگا۔عمران خان نے کہا کہ میں مودی سے کہتا ہوں کہ جتنی مرضی فوج کشمیر میں لگا دو تم جیت نہیں سکو گے ٗ امریکہ بھی لاکھوں فوجیوں کے باوجود ویتنام اور افغانستان سے بھاگ گیا تھا۔

عمران خان نے کہاکہ 1 جولائی کو آزاد کشمیر کے عوام پی ٹی آئی کو جتوا کر اسی طرح تاریخ رقم کریں گے جس طرح لارڈز میں گذشتہ روز پاکستان ٹیم نے انگلینڈکو ہرا کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر اور مسلم کانفرنس ملکر حکومت بنائیں گے اور آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

آج باغ کے عوام نے پی ٹیہ آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے آئندہ حکومت بنائے گی۔ مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس اور پی ٹی آئی کا اتحاد آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گااور ہم ملکر عوام کو انکے حقوق دلوائیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں باغ میں پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جلسہ عام سے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین،پی ٹی آئی کشمیر کے امیدوار اسمبلی راجہ خورشید، راجہ وقاص اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔عمران خان نے کہا کہ ملک سے کرپشن ختم ہو گی تو ملک ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔ آزاد کشمیر میں بھی کرپشن کا بازار گرم رہاہے۔ کرپشن تب ختم ہو گی جب احتساب وزیر اعظم سے شروع ہو گا۔

پی ٹی آئی اقتدار میں آکر غیر جانبدار نیب اور الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لائے گی۔انھوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی کا یہی وقت ہے عوام آزاد کشمیر میں تبدیلی کے لئے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔جہانگیر خان ترین نے کہا کہ 21 جولائی کا سورج آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج سب دیکھ لیں کہ باغ کے عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات