آئندہ چند برسوں میں پاکستان کے صارفین کو فائیو جی کی ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی ٗ ڈاکٹر اسماعیل شاہ

دنیا بھر کی ٹیلی کام اتھارٹیز کو جدید ٹیکنالوجیز کے باعث بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ٗ میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جولائی 2016 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء)پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں پاکستان کے صارفین کو فائیو جی کی ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی ٗدنیا بھر کی ٹیلی کام اتھارٹیز کو جدید ٹیکنالوجیز کے باعث بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہ انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے اشتراک سے عالمی ٹیلی کام کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ ٹیلی کام کی دنیا میں پوری دنیا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی دوڑ میں شامل ہے جس سے دنیا بھر کی ٹیلی کام اتھارٹیز کو بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں ابھی فائیو جی ٹیکنالوجی کمرشل بنیادوں پر متعارف نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

بعض ممالک نے آزمائشی طور پر فائیو جی کے حوالے سے تجربات شروع کر رکھے ہیں۔ پاکستان میں آئندہ برسوں فائیو جی کی بروقت فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کا استعمال بینکنگ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں انٹرنیٹ کے استعمال اور فروغ کے حوالے سے دیگر ممالک سے بہت آگے نکل چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کے لئے اقدامات ٹھوس بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے۔