وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچانے بارے حج پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی ٗ باقاعدہ اعلان (کل)کیا جائیگا ٗپہلے 15دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائینگی ٗوفاقی وزیر صحافیوں کو بریفنگ دینگے

حج پروازوں کا شیڈول بدھ کو وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکے گا ٗ ذرائع وزارت مذہبی

پیر 18 جولائی 2016 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس پہنچانے کے حوالے سے حج پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا باقاعدہ اعلان (کل) منگل کو کیا جائے گا ٗپہلے 15دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال 71684پاکستانی عازمین سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے ٗ مجموعی طور پر ایک لاکھ 43 ہزار 368 پاکستانی فریضہ حج ادا کرنے کے لئے حجاز مقدس جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور نے حج فلائٹ شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے مطابق پہلے 15 دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین کی واپسی جدہ ٗ جدہ ایئرپورٹ پر اترنے والے حاجیوں کی وطن واپسی مدینہ منورہ سے ہو گی ٗ4اگست کو ملک کے 5بڑے شہروں سے حج پروازیں روانہ ہوں گی، فیصل آباد سے 4اگست کو دن ساڑھے گیارہ بجے، اسلام آباد سے 4اگست کو علی الصبح ساڑھے 4بجے، کراچی سے 4اگست کو علی الصبح ساڑھے 4بجے، 4اگست کو ہی لاہور سے صبح ساڑھے 6اور پشاور سے دوپہر ڈیڑھ بجے حج پروازیں روانہ ہونگی۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج پروازوں کا شیڈول بدھ کو وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکے گا جبکہ اسی دن خطوط ارسال کرنے کے علاوہ ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی عازمین کو مطلع کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف (آج) منگل کو حج انتظامات کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیں گے ٗوزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حجاز مقدس میں رہائشی عمارتوں کے حصول، حج فلائٹ آپریشن سمیت حجاز مقدس میں پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کے حوالے سے رواں سال موثر انتظامات کئے گئے ٗ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو منگل دن ساڑھے 12بجے ایمیسڈر ہوٹل اسلام آباد میں بریفنگ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :