جماعت اسلامی کا ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ، جمہوری نظام پر شب خون مارنے والوں کی ناکامی پر ترک عوام اور حکومت کو مبارکباد

پیر 18 جولائی 2016 15:05

اسلام آباد ۔ 18 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جولائی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان نے ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جمہوری نظام پر شب خون مارنے والوں کی ناکامی پر ترک عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔اس سلسلہ میں جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور ترکی کے جمہوری نظام پر شب خون مارنے والوں کی ناکامی پر ترک عوام اور جمہوری حکومت کو مبارکباد پیش کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ترکی کا پاکستان سے گہرا برادرانہ رشتہ ہے جودونوں ممالک کے عوام کے لیے باعث فخر ہے۔ترک حکومت نے عالم اسلام کے ہر اہم مسئلہ پر جرات مندانہ موقف اختیار کرکے اسلامی دنیا اور پوری مسلم برادری کے سر بلند کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

اس جمہوری اور مقبول حکومت کے خلاف اسلام دشمن قوتیں عالمی سطح پر سازشیں کررہی ہیں۔موجودہ ناکام فوجی بغاوت بھی اسی کا ایک حصہ تھی ۔

ترک عوام کاجمہوری و ملی شعور قابل داد ہے جنہوں نے اپنے جمہوری نظام اور بنیادی حقوق کی حفاظت کے لیے ٹینکوں کے سامنے جرات مندی کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر بغاوت ناکام بنا دی ۔مجلس عاملہ اپنے ترک بھائیوں کی جرات اور جمہوریت پسندی کو عالم اسلام اور بالخصوص پاکستا نی عوام کے لیے قابل تقلید سمجھتی ہے۔ترکی کے صدر جناب طیب اردگان اور ان کی پوری ٹیم نے بھی اس مشکل مرحلے میں اپنے مضبوط اعصاب جرات اور دانشمندانہ فیصلوں کے لیے حقیقی قیادت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

ترکی کے وہ فوجی جرنیل،افسران اور جوان جنہوں نے باغی دھڑے کا ساتھ دینے کی بجائے اپنے حلف اور عہد کا پاس رکھا اور اپنے جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے رہے، بھی قابل تعریف ہیں۔ہم ترکی کے ا ن تمام سیاسی قائدین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو سیاسی اختلافات کے باوجودفوجی بغاوت کے مقابلے میں جمہوری نظام اور منتخب حکومت کی حمایت میں کھڑ ے ہوئے ۔ترک اور پاکستانی بھائی ایک دوسرے سے جو محبت اوراخوت کا رشتہ رکھتے ہیں وہ انشااللہ قائم رہے گا اور پاکستانی عوام بھی اپنے ملک کی حفاظت کے لیے ہر اختلاف سے بالاتر ہوکر یکسوئی کے ساتھ متحدرہیں گے۔

متعلقہ عنوان :