وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم والے عازمین کے لئے حج پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ،باقاعدہ اعلان کل کیا جائے گا

پیر 18 جولائی 2016 15:02

اسلام آباد ۔ 18 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جولائی۔2016ء) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس پہنچانے کے حوالے سے حج پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا باقاعدہ اعلان (آج) منگل کو کیا جائے گا۔ پہلے 15دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال 71684پاکستانی عازمین سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جب کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 43 ہزار 368 پاکستانی فریضہ حج ادا کرنے کے لئے حجاز مقدس جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور نے حج فلائٹ شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے مطابق پہلے 15 دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین کی واپسی جدہ سے جبکہ جدہ ائرپورٹ پر اترنے والے حاجیوں کی وطن واپسی مدینہ منورہ سے ہو گی۔

(جاری ہے)

4اگست کو ملک کے 5بڑے شہروں سے حج پروازیں روانہ ہوں گی، فیصل آباد سے 4اگست کو دن ساڑھے گیارہ بجے، اسلام آباد سے 4اگست کو علی الصبح ساڑھے 4بجے، کراچی سے 4اگست کو علی الصبح ساڑھے 4بجے، 4اگست کو ہی لاہور سے صبح ساڑھے 6اور پشاور سے دوپہر ڈیڑھ بجے حج پروازیں روانہ ہونگی۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج پروازوں کا شیڈول بدھ کو وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکے گا جبکہ اسی دن خطوط ارسال کرنے کے علاوہ ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی عازمین کو مطلع کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لئے فلائٹ آپریشن 4اگست سے 5ستمبر تک جاری رہے گا۔ حاجیوں کی وطن واپسی حج کے فوراً بعد شروع ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :