امریکہ ،پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پربھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

پیر 18 جولائی 2016 14:18

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جولائی ۔2016ء) امریکہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف نیویارک میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی‘ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز کشمیری رہنما غلام نبی فائی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں برہان وانی کی قربانی نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے اور اب عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز اٹھائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کی آزادی اور خودمختاری کی حمایت کی ہے۔ غلام نبی فائی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام حریت قیادت کو گرفتار کرلیا گیا ہے اس کے باوجود بھی تحریک آزادی کو روکا نہیں جاسکتا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے خاور بیگ مرزا اور محمد افضل نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے بھارت نے مظالم کی انتہا کردی ہے بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری قوم ایک مرتبہ پھر اٹھ کھڑی ہوئی ہے حکومت پاکستان کو بھی چاہئے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھایا جائے اور بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے مظالم کا سلسلہ بند نہ کیااور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ کیا گیا تو ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھی ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں امریکہ بھر سے پاکستانیوں اور کشمیریوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :