ملک بھر میں مون سون بارشیں جاری، موسم خوشگوار، دریاوٴں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاوٴ میں اضافہ

پیر 18 جولائی 2016 14:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جولائی ۔2016ء ) ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں دریاوٴں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاوٴ میں اضافے کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ۔ کراچی سے گلگت بلتستان تک ملک بھر میں برکھا رْت اپنے جوبن پر ہے، تیز ہواوٴں کے ساتھ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم کو خوش گوار کردیا ۔

بارش کے باعث ملک بھر میں حسب روایت بجلی کا نظام درہم برہم ہے، کئی علاقوں میں گزشتہ رات سے ہی لوگ بجلی سے محروم ہوگئے جب کہ سیوریج کے نظام کی ابتری نے بڑی تعداد میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا اور وہ موسم سے لطف اندوز ہونے کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے گھروں اور محلوں سے نکاسی آب کی کوششوں میں مصروف رہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب کے اکثرجب کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ کے بعض مقامات پر بارش ہوئی ۔

پنجاب میں سب سے زیادہ بارش نورپور تھل میں 119 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ 87، جھنگ72، اوکاڑہ 48، چکوال 44، لاہور 44، گوجرانوالہ اور بھکر 42، قصور 33، ساہیوال26، لیہ 20، اسلام آباد 18 اور راولپنڈی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارش ڈیرہ اسماعیل خان میں 41 ملی میٹر، پارہ چنار 30، پشاور 14، چراٹ اور دیر 12 جب کہ مالم جبہ میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے علاقے بارکھان میں 56 جب کہ سبی میں 37 ملی میٹر اور سندھ کے قحط زدہ صحرا تھر میں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن، جنوبی پنجاب کے ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات جب کہ بلوچستان میں ژوب، سبی اور نصیر آباد ڈویژن میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مون سون بارشوں اور پہاڑوں پر موجود برف پگھلنے کے باعث ملک بھر کے دریاوٴں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاوٴ میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پرموسلادھار بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی، اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :