اسلام آباد سمیت سندھ، پنجاب اور پختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خواشگوار

پیر 18 جولائی 2016 11:56

اسلام آباد /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جولائی ۔2016ء ) اسلام آباد اور کراچی سمیت سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ کراچی میں بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے متعدد حادثات پیش آئے ۔ شہر قائد میں رات بھر مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

کورنگی انڈسٹریل ایریا، لانڈھی، شارع فیصل، ملیر، گلشن اقبال، ناظم آباد، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوتی رہی۔

بارش کے سبب بیشتر سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے متعدد موٹرسائیکل سوار حادثات کا شکار ہوئے ۔ راولپنڈی، اسلام آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بھکر سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی ۔ اوکاڑہ اور سرگودھا میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے باعث شہر تاریکی میں ڈوب گئے ۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے متعدد شہروں میں بھی بادل خوب برسے ہیں۔