قندیل بلوچ کا قاتل بھائی تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے،دوبار پہلے بھی قندیل کو قتل کرنے کی کوشش کی ،ملزم کا انکشاف

اتوار 17 جولائی 2016 21:25

قندیل بلوچ کا قاتل بھائی تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے،دوبار پہلے ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) ماڈل قندیل بلوچ کے قاتل بھائی وسیم نے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ دوبار پہلے بھی قندیل کو قتل کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا، عدالت نے ملزم کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز تھانہ مظفر آباد پولیس نے ملزم وسیم کو ڈیوٹی مجسٹریٹ اظہر جاوید کے سامنے پیش کیا جہاں پر اس نے بہن قندیل بلوچ کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا اس موقع پر تھانہ مظفر آباد پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کے لئے استدعا کی جس پر عدالت نے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ کا حکم دے دیا بعدازاں ملزم وسیم نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ اس کا والد عظیم نیند کی گولیاں استعمال کر تا ہے وقوعہ کی شب اس نے والد کی گولیو ں سے چار گولیاں قندیل بلوچ کے دودھ میں ملادیں جس کی وجہ سے وہ بیہوش ہو گئی جسے وہ اٹھا کر نیچے لے آیا اور گلا دبا کر مار دیا ملزم نے مزید بتایا کہ اس کے اس جرم میں کوئی اور شامل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش قندیل کے قاتل بھائی نے انکشاف کیا کہ قندیل کے مفتی عبدالقوی کے ساتھ اسکینڈل کے بعد قتل کا ارادہ بنایا، قندیل کو دو بار قتل کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی، عید کے دوسرے روز بھی قتل کی نیت سے ملتان گیا آخرکار اسے نشہ آور دوا کھلائی اور پھر گلا دبا کر مار ڈالا، منصوبہ تھا کہ قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو جاؤں گا۔