آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی مزید بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسیمیات

اتوار 17 جولائی 2016 20:44

آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی مزید بارشوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17جولائی۔2016ء) آئندہ دو روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی مزید بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان جس سے بالائی علاقوں کے بعض مقامات پر برساتی ندی نالوں میں طغیانی، اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن، ژوب، سبی، نصیر آباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بالائی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پرموسلادھار بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی، اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب میں اکثر مقامات پر جبکہ خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان ،کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش نورپور تھل میں 119 ملی میٹر ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 87، جھنگ72، اوکاڑہ 48، چکوال 44، لاہور 44، گوجرانوالہ، بھکر 42، قصور 33، ساہیوال26، لیہ 20، اسلام آباد 18، سرگودھا 13، راولپنڈی 08، جوہر آباد 04، مری 02، فیصل آباد میں ایک اور ڈی آئی خان 41، پارہ چنار 30، پشاور 14، چراٹ، دیر 12، مالم جبہ 10، کوہاٹ 06، لوئر دیر ، کالام05، سیدوشریف02، بارکھان 56، سبی 37، چلاس02، مٹھی میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اتوار کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین، نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ، پنجگور 43، دادو، تربت اور رحیم یار خان میں42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :