بھارتی حکومت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی،کشمیر ی عوام پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، نہتے کشمیریوں کا قتل انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، منتخب نمائندے اور کارکن بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے یوم سیاہ کی تقریبات میں بھرپور حصہ لیں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ماڈل ٹاؤن میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب

اتوار 17 جولائی 2016 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ منتخب نمائندے اور کارکن کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے یوم سیاہ کے موقع پر تقریبات میں بھرپور حصہ لیں۔ وہ اتوار کو اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریو ں کو حق خود ارادیت سے زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھ سکتا۔

ہم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بھارتی حکومت کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیئے کہ وہ گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھ سکتا -انہوں نے کہا کہ میں کشمیر کی بہادر ماوٴں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے بیٹوں اور بیٹیوں نے آزادی کے لئے جام شہادت نوش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم کشمیریوں کے خون کی ارزانی پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ عالمی برادری کو بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا یہ کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیئے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم روکنے کیلئے فوری اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، اراکین قومی اسمبلی پرویز ملک، مہر اشتیاق احمد، شائستہ پرویز ملک، صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ملک ندیم کامران، اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، زعیم حسین قادری، منشاء اللہ بٹ اور دیگر منتخب نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔