ڈسکہ پولیس نے 10سال قبل پسند کی شادی کرنے پر بیٹی کو قتل کرنے والے باپ کو گرفتار کر لیا

اتوار 17 جولائی 2016 18:04

سیالکوٹ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جولائی ۔2016ء ) تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے دس ماہ قبل ڈسکہ کے گاؤں ڈھولے والی میں پسند کی شادی کرنے کی پاداش میں اپنی حقیقی بیٹی گلناز عرف گلشن، اس کے خاوند مشتاق احمد اور سوتن سجیلہ بی بی کو قتل کرنے والے سفاک ملزم محمد طارق سکنہ فورٹ عباس ضلع بہاولنگر کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ انکشاف ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خان نے یہاں دوران گفتگو کیا۔

ایڈیشنل ایس پی سیالکوٹ عرفان طارق خان، ڈی ایس پی ڈسکہ لعل محمد کھوکھر، انسپکٹر اعجاز احمد(ایس ایچ او تھانہ سٹی ڈسکہ) اور سینئر ممبر ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ ظفر ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی پی او نے مذید بتایا کہ ڈسکہ پولیس نے ایک ہفتہ قبل مندرانوالہ ڈسکہ کے قریب اپنے خاوند افتخار کو گھریلو رنجش پرقتل کرنے والی ملزمہ نازیہ بی بی اور اس کے ساتھی ملزمان ارشاد بی بی (مقامی نائیکہ)، عبدالقدیر عرف کالو اور ریاست چیمہ کو بھی موضع رنجہائی ڈسکہ سے گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمہ نازیہ نے ایک ہفتہ قبل اپنے خاوند افتخار کو اپنے ساتھیوں کی مدد سے قتل کر کے اس کی نعش مندرانوالہ ڈسکہ کے قریب کوڑے کے ڈھیر پر پھینک دی تھی۔ دریں اثناء ڈسکہ پولیس نے ڈکیتی کے چار سال پرانے مقدمات میں گزشتہ چار سال سے اشتہاری ملزم نصیر احمد سکنہ منچھر چٹھہ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹرمحمد عابد خان نے مذید بتایا کہ ڈسکہ سٹی پولیس نے قتل ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث اے کیٹگری کے19اشتہاری ملزم اور بی کیٹگری کے 48اشتہار ی ملزم بھی گرفتار کئے ہیں جن میں سے متعدد ملزم پچھلے کئی برسوں سے بیرون ملک مقیم تھے۔

پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے میں ملوث40 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے40پستول اور125گولیاں بھی برآمد کی ہیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف 100مقدمات درج کر کے ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی 38کلو گرام چرس، 25کلو گرام دیگر منشیات اور 500لٹر شراب بھی برآمد کر لی ہے۔ ڈی پی او نے پولیس پارٹی کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :