ایبٹ آباد، بیوی کے قتل کے جرم میں قیدملزم جیل میں مبینہ تشدد سے ہلاک ،لواحقین کا پوسٹمارٹم کرانے کا فیصلہ

اتوار 17 جولائی 2016 17:48

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جولائی ۔2016ء ) بیوی کے قتل کے جرم میں گرفتارملزم کی مانسہرہ جیل میں مبینہ تشدد سے ہلاک ہوگیا۔لواحقین نے قبرکشائی اور پوسٹمارٹم کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس ضمن میں مقامی ذرائع نے بتایاکہ دوسال قبل دو جولائی 2014ء کو تھانہ شیروان یونین کونسل جرل میں آفتاب ولد منور نے اپنی بیوی روبینہ دختر صادق کو علی الصبح سحری کے وقت گولی مار کر قتل کردیاتھا ۔

(جاری ہے)

آفتاب کے لواحقین کے مطابق دوروز قبل مانسہرہ جیل سے ہمیں فون کرکے بلایاگیا۔ جب ہم مانسہرہ جیل پہنچے تو ہمیں بتایاگیاکہ آفتاب کو دل کا دورہ پڑاہے اور اس کی موت واقع ہو گئی ہے۔ اس کی نعش کو لے جائیں۔ جب ہم نعش لیکر گھرپہنچے تو میت کو غسل دینے کے دوران معلوم ہواکہ آفتاب کے جسم پر شدید تشدد کے نشانات تھے۔ اور اس کا ایک بازو بھی ٹوٹا ہوا تھا۔ آفتاب کے ورثاء نے سیشن جج کے ذریعے قبرکشائی اور پوسٹمارٹم کرانے کا اعلان کیا۔