سرگودھا ،ضلعی انتظامیہ کی تمام تر کوششوں کے باوجود تجاوزات کا خاتمہ ممکن نہ ہوسکا

تاجروں نے دکانوں کیساتھ ساتھ فٹ پاتھوں پر مکمل قبضے جمالئے

اتوار 17 جولائی 2016 17:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جولائی ۔2016ء) ضلعی انتظامیہ کی تمام تر کوششوں کے باوجود شہر بھر سے تجاوزات کا خاتمہ ممکن نہ ہوسکا تاجروں نے دکانوں کیساتھ ساتھ فٹ پاتھوں پر مکمل قبضے جمالئے ہیں شہر کے اہم بازاروں میں ٹریفک پولیس‘ ضلعی پولیس اور عملہ انکروچمنٹ گونگلوں سے مٹی جھاڑنے کیلئے آتا ہے غریب چھابڑی‘ ریڑھی والوں کے سامان کو ضبط کرلیا جاتا ہے جبکہ بڑے بڑے دکانداروں کے فریج‘ ٹی وی اور دیگر سامان سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر موجود رہتا ہے جبکہ بڑے دکانداروں کی مال بردار سوزوکی پک اپ اور چنگ چی لوڈ رکشے دکانوں کے باہر کھڑے رہتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کیخلاف جب تک بے رحم ایکشن نہیں لیا جائیگا اس وقت تک تجاوزات کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔