یہودی اور مودی کے دوست ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ،چودھری عبدالمجید

تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں خرید و فروخت کی منڈیا ں قائم کرنے والوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے،آزادکشمیر میں انتخابات پی پی پی ہی جیتے گی،مجھے ہرانے کے لیے 35کروڑ تقسیم کیے گے ،کارنر میٹنگوں سے خطاب

اتوار 17 جولائی 2016 16:48

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ یہودی اور مودی کے دوست ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ۔زندہ کھالیں اتروانے والوں کی اولادوں کے ضمیروں کو خریدنے والے کار مشق میں مصروف ہیں ۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں خرید و فروخت کی منڈیا ں قائم کرنے والوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے ۔

آزادکشمیر میں انتخابات پی پی پی ہی جیتے گی ۔پیپلزپارٹی کا راستہ روکنے کے تمام گٹھ جوڑ اور ہتھکنڈے ناکام ہوں گے ۔عوام ہماری طاقت ہیں کسی کو بھی عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے ۔میرے حلقہ انتخاب میں مجھے ہرانے کے لیے 35کروڑ تقسیم کیے گے ۔جعلی سکیمیں دی گئیں ۔ عوامی منصوبوں پر پر حکم امتناعی لیا گیا ۔مگر میں انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرواں گا اور انھیں نشان عبرت بناؤں گا ۔

(جاری ہے)

۔خدمت خلق ہی میری سیاست کا محور ومرکز ہے جب تک زندہ ہوں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا جب تک زندہ ہوں حلقے کے عوام مجھے سرخرو کرتے رہیں گے ۔عوام کے حقوق کا محافظ ہوں عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کروں گا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ن لیگ کا دھونس دھاندلی کا منصوبہ ناکا م ہوگا ہم گلگت بلتستان طرز کا ڈرامہ آزادکشمیر میں سٹیج نہیں کرنے دیں گے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر اپنے حلقہ انتخاب چکسواری میں کارنر میٹنگوں سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ عوامی فلاح وبہبود میرا خواب تھا جسے اقتدار میں آکر تعبیر یں دیں۔آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس دیے یہ میگا پراجیکٹس تاریخ کا حصہ ہیں اور پارٹی لیڈر شپ کا ویژن ہے جنھوں نے عوام کی فلاح بہبود کے لیے اپنی زندگی وقف کیے رکھی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی زندگیاں قربان کر دیں ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ شہداء گڑھی خدا بخش نے جو مشن شروع کیا تھا پارٹی چیئرمین اس مشن کی تکمیل کے لیے جو پرچم سربلند کیے ہوئے ہیں اس کو ہمیشہ بلند رکھیں گے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ بلاول بھٹو پاکستان کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں ۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی سطح پر ناکام ہوچکی ہے آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن حکومت قائم کرنے کی وفاقی وزراء کی کوششیں ناکا م ہوں گی ۔

تحریک انصاف آزادکشمیر میں مکمل فلاپ ہوچکی ہے ۔تحریک انصاف کا کوئی امیدوار اسمبلی تک نہیں پہنچ سکتا یہ فوٹو سیشن کی پارٹی ہے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام نے منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے مخالفین کو بھی اندازہ ہوگیا ہے کہ پی پی پی انتخابات جیت چکی ہے ۔مصنوعی گٹھ جوڑ اور سازشوں کے ذریعے اب پیپلزپارٹی کا راستہ روکا نہیں جاسکتا ۔

متعلقہ عنوان :