حکومت پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا کردار ،قتل عام کا مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے‘ سردار عتیق احمد خان

نہتے کشمیری عوام برستی گولیوں میں تاریخی احتجاج سے تحریک آزادی کی ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں‘ نارووال میں انتخابی جلسے سے خطاب

اتوار 17 جولائی 2016 16:27

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اسمبلی سردار عتیق احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں حلقہ ایل اے 33جموں 4میں مسلم کانفرنس کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری عوام برستی گولیوں میں تاریخی احتجاج سے تحریک آزادی کی ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔ دنیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر خطہ میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو گا بھارتی فوج کشمیریوں مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انتہائی مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنرل راحیل شریف کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی نہتے کشمیریوں کی شہادت پر دو ٹوک موقف اختیار کئے جانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو بھی سخت احتجاج کرنا چاہئے اور اس سنگین مسئلہ کو عالمی فورم پر اٹھانا چاہئے بھارت آزادی کی تحریک کو طاقت سے نہیں دبا سکتا،انہوں نے کہاکہ پاکستان نواز شریف اور زرداری کی لوٹ مار اور کرپشن کے لئے نہیں بتایا گیا تھا بلکہ یہ ملک غریب لوگوں کی پناہ گاہ کے لئے بنایا گیا تھا۔

کشمیر کے ساتھ غداری کرنے والوں کی نسل تباہ و برباد ہو گئیں ہم پاکستانیوں سے بڑھ کر پاکستانی ہیں، ووٹ اسے دو جس نے کشمیر کی آزادی کے لئے شہادتیں پیش کی ہیں،۔ جو لوگ مسلم کانفرنس پر تنقید کرتے ہیں انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ مسلم کانفرنس کی جماعت کو قائداعظم نے مسلم لیگ کی نمائندہ جماعت قرار دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :