اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے زیر اہتمام متحدہ عرب امارات کے شہر دوبئی میں روڈ شو کا اہتمام

روڈ شوکا مقصددوبئی میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل اور انہیں او پی سی کی کارکردگی سے آگاہی فراہم کرنا تھا ‘ افضال بھٹی

اتوار 17 جولائی 2016 16:23

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء ) اوور سیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی ) پنجاب کے زیر اہتمام متحدہ عرب امارات کے شہر دوبئی میں روڈ شو کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصددوبئی میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا ان کی دہلیز پرحل اور انہیں او پی سی پنجاب کی کارکردگی سے آگاہی فراہم کرنا تھا ۔روڈ شو میں دوبئی میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

کمشنر او پی سی پنجاب افضال بھٹی نے روڈ شو کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایات پر او پی سی پنجاب، اوورسیز پاکستانیوں کو در پیش مسائل کے فوری حل کیلئے بھر پورکر دار ادا کر رہا ہے، کمیشن کوابتک اوورسیز پاکستانیوں کی 4000سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے50فیصد حل کر دی گئی ہیں،وزیر اعلی پنجاب او پی سی کی کارکردگی کو خود مانیٹر کرتے ہیں -انہوں نے کہا کہ کمیشنکی کارکردگی سے متاثر ہو کر حکومت آزاد کشمیر نے بھی او پی سی کے ماڈل کو اپنایا ہے اور او پی سی نے آزاد کشمیر حکومت کو آن لائن سسٹم متعارف کرانے کیلئے بھر پور عملی اور فنی معاونت فراہم کی ہے ۔

(جاری ہے)

افضال بھٹی نے بتایاکہ او پی سی نے شکایات کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے ایک مربوط اور موٴثر کمپیوٹرائزڈ نظام تشکیل دیا ہے جس کے تحت شکایات متعلقہ اداروں تک پہنچاکر ان پر ہونے والی کارروائی کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اوور سیز پاکستانی اپنے کسی بھی مسئلے کے حل کیلئے او پی سی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ افضال بھٹی نے اس موقع پر حاضر ین کو او پی سی پنجاب کے طریقہ کار اور شکایات کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-روڈ شو کے دوران سوالات کے جوابات کا خصوصی سیشن بھی ہوا اور اوور سیز پاکستانیوں نے در پیش مسائل کی نشاندہی کی ۔

متعلقہ عنوان :