لاہور سے دمام جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز گھنٹوں تاخیر کا شکار ہونے پر مسافروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا

ائیر پورٹ پر ائیر لائن کے کاؤنٹر کا گھیراؤ کر کے ہنگامہ آرائی ،شیم شیم کے نعرے لگائے جاتے رہے

اتوار 17 جولائی 2016 15:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) لاہور سے دمام جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز گھنٹوں تاخیر کا شکار ہونے پر مسافروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ، ائیر پورٹ پر ائیر لائن کے کاؤنٹر کا گھیراؤ کر کے ہنگامہ آرائی اور شیم شیم کے نعرے لگائے جاتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ائیر لائن کی پرواز 711کو ہفتہ کے روز 9بجے روانہ ہونا تھا تاہم پرواز کی عدم دستیابی کے باعث مسافر 20گھنٹے سے زائد وقت تک انتظار کی سولی پر لٹکے رہے ۔

(جاری ہے)

مسافروں نے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر اتوار کے روز نجی ائیر لائن کے کاؤنٹر کا گھیراؤ کر کے ہنگامہ آرائی اور شیم شیم کے نعرے لگائے ۔ مسافروں کا کہنا تھاکہ پرواز کی روانگی کیلئے دئیے گئے وقت سے بھی چار گھنٹے قبل ائیر پورٹ پہنچ گئے تھے لیکن بیس گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود ابھی ابھی کا کہہ کر ٹرخایا جارہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پرواز دستیاب نہ ہونے کے باعث روانگی میں تاخیر ہوئی اور جد ہ سے آنے والی پرواز کے ذریعے مسافروں کو دمام روانہ کیا جائے گا۔ مسافروں کا کہنا تھاکہ جب تک انہیں جہاز میں سوار نہیں کرایا جاتا اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :