70ہزار ادویات کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے‘سید بلال شیرازی

اتوار 17 جولائی 2016 15:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) مسلم لیگ (ق)یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے ڈرگ پرائس کمیٹی کی جانب سے ڈرگ پالیسی2015کے تحت رواں مالی سال کیلئے 70ہزار ادویات کی قیمتوں میں 2.68فیصد تک اضافے کی منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب و سفید پوش مریض کو اپنے علاج معالجہ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ فیصلہ کے تحت فارماسوٹیکل کمپنیوں کو رجسٹرڈ70ہزار ادویہ کی قیمتوں میں کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت شیڈول ادویہ 50فیصد اور نان شیڈول ادویہ کی70فیصد قیمت بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے جو مریضوں کے استحصال کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں بلکہ کمی کی جائے تاکہ مریضوں کو علاج معالجہ میں آسانی ہو۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی قیمتیں پاکستان میں زیادہ جبکہ ہمسائیہ ممالک میں کم ہیں ،ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے قبل ان کا ہمسائیہ ممالک کی قیمتوں سے موازنہ کیا جائے تاکہ عوام کو مالی استحصال سے بچایا جاسکے۔