محکمہ زراعت پنجاب کی ٹینڈے کی پچھیتی کاشت وسط جون سے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

کاشت کے وقت کھیت میں دو سے تین بار ہل چلا کر زمین اچھی طرح تیار کر لیں ٗترجمان

اتوار 17 جولائی 2016 14:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ٹینڈے کی پچھیتی کاشت وسط جون سے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ کاشت کے لئے زرخیز میرا زمین جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو‘ کا انتخاب کریں۔ زمین میں نامیاتی مادہ کافی مقدار میں موجود ہونا چاہیے۔

کاشت کے وقت کھیت میں دو سے تین بار ہل چلا کر زمین اچھی طرح تیار کر لیں۔

(جاری ہے)

کاشت کیلئے 2.5 میٹر کے فاصلہ پر نشان لگائیں اور دو پٹڑیوں کے درمیان 50سینٹی میٹر چوڑی کھالی چھوڑ کر 2میٹر چوڑی پٹڑیاں بنائیں اور ان پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر آبپاشی کے بعد جہاں تک پانی کی نمی پہنچ سکے 40 سینٹی میٹر کے فاصلے پر 2 تا 3 بیج تین سے چار سینٹی میٹر گہرائی تک دبا دیں۔ اس طریقہ کاشت سے ایک ایکڑ میں تقریباً 8000 پودے لگائے جاسکتے ہیں جس کے لئے تقریباً 2 کلو گرام صحت مند اچھے اُگاؤ والا بیج کافی ہوتا ہے۔ ٹینڈے کی فصل کو ابتدائی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بیج کو کاشت سے پہلے پھپھوند کش زہر لگائیں۔

متعلقہ عنوان :