محکمہ زراعت کی کارروائی ،مختلف مقامات سے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی اور غیر معیاری ادویات برآمد کر لی گئیں،ملزمان گرفتار

اتوار 17 جولائی 2016 13:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء)محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کے خلاف مہم جاری ہے اور محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ اور پلانٹ پروٹیکشن ملتان اور فیصل آباد کے پیسٹی سائیڈز انسپکٹرز نے کامیاب کارروائی کر کے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی اور غیر معیاری ادویات قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز درج کروا دیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن)ملتان احمد نوید احسن نے کمانڈر ایگرو پرائیویٹ لمیٹڈ ، انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں کامیاب چھاپہ مار کر 3 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی لیمڈا سائی ہیلو تھین کی غیر معیاری پیکنگ والی زرعی ادویات قبضہ میں لے لیں جن کی مینوئل فلنگ کی جارہی تھی۔

(جاری ہے)

اس زرعی ادویہ کے نمونہ جات حاصل کر کے تجزیہ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

کمپنی مالکان کے خلاف تھانہ مظفر آباد میں ایف آئی آر درج کروا کر ایک ملزم کو گرفتار کر وا دیا گیا ہے ۔اسی طرح گذشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پلانٹ پروٹیکشن)گوجرانوالہ اﷲ رکھا ساجدنے ایم اقبال رائس ملز جی ٹی روڈ سادھوکی تحصیل کامونکی ، ضلع گوجرانوالہ میں کامیاب چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کی جعلی زرعی ادویات قبضے میں لے لیں اور ملزمان کے خلاف تھانہ صدر کامونکی میں پیسٹی سائیڈز آرڈیننس 1971ء رولز 1973ء کی دفعات 23(a)،21-A اور26-Aرولز 12-Aکے تحت ایف آئی آر درج کروا د یں ۔

محکمہ زراعت کے پیسٹی سائیڈز انسپکٹر نے موقع سے پاک عرب پیسٹی سائیڈ کمپنی ڈیرہ غازی خان کی جعلی زرعی ادویات بیوٹا کلور اور دیگر دانے دار زہروں کے نمونہ جات حاصل کرکے کیمیا ئی تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوادئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن)چوہدری محمد فاروق نے گذشتہ دنوں گوجرانوالہ کی زرعی ادویات کی مارکیٹ سے پاک عرب پیسٹی سائیڈ کمپنی ڈیرہ غازی خان کی زرعی ادویات کے نمونے حاصل کر کے تجزیہ کے لیے لیبارٹری بھجوائے اور مارکیٹ سے ملنے والی معلومات کے نتیجہ میں ایم اقبال رائس ملز جی ٹی روڈ سادھوکی تحصیل کامونکی ، ضلع گوجرانوالہ میں جعلی زرعی ادویات کی تیاری میں ملوث اہم ملزمان احمد اسلام،رانا سلطان احمد، رانا ذوالفقار احمد، رانا ارسلان احمد اوررانا فخر ساکنان ضلع گوجرانوالہ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ۔

ملزمان نے چند روز قبل میسرز ایم اقبال رائس ملز کا ایک گودام کرائے پر حاصل کر کے جعلی زرعی ادویات کی تیاری کا کام شروع کیاتھا ۔ملزمان جعلی زرعی ادویات معروف پیسٹی سائیڈز کمپنیوں کے لیبلز غیر قانونی طور پر لگا کرپیکنگ اور فروخت میں ملوث پائے گئے ۔ اس کارروائی کی اطلاع ملنے پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ)چوہدری خالد محمود بھی موقع پر پہنچ گئے ۔

انہوں نے اس موقع پر پلانٹ پروٹیکشن گوجرانوالہ ڈویژن کی ٹیم کی اس کارروائی کو سراہا اور ہدایت کی کہ ملزمان کے خلاف پیسٹی سائیڈ آرڈیننس 1971کے تحت مقدمات درج کرواکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے پیسٹی سائیڈ انسپکٹرز اور فرٹیلائزر کنٹرولرز کو جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ۔