ترکی میں محصور 146 پاکستانی کراچی پہنچ گئے

بغاوت کے آغاز کے بعد پاکستانی مختلف شہروں میں محصور ہوگئے تھے ، کراچی آنے والوں میں دیگر ممالک کے باشندے بھی شامل کٹھن حالات تھے اپنی سر زمین پر پہنچ کر تحفظ اور اطمینان محسوس کر رہے ہیں،پاکستانی شہر ی

اتوار 17 جولائی 2016 12:48

ترکی میں محصور 146 پاکستانی کراچی پہنچ گئے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جولائی ۔2016ء) ترکی میں محصور ایک سو چالیس پاکستانی نجی ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ گئے ، مسافروں کا کہنا ہے کٹھن حالات تھے اپنی سر زمین پر پہنچ کر تحفظ اور اطمینان محسوس کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز ترکی میں فوجی بغاوت کے بعد سینکڑوں پاکستانی بھی ترکی کے مختلف شہروں میں محصور ہو گئے تھے ، حالات معمول پر آنے کے بعد پہلی فلائٹ کے ذریعے اتوار کی صبح 140 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

مسافروں میں دوسرے ممالک سے سیر و تفریح کے لئے ترکی جانے والے بھی شامل ہیں جو فضائی آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے ائیر پورٹ پر محصور ہوگئے تھے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ترکی میں افراتفری کا عالم تھا۔ استنبول ایئرپورٹ پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے جو فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنتے ہی جان بچانے کے لئے بھاگتے رہے۔ دوسری جانب مسافروں نے دیار غیر میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے خاطر خواہ مدد نہ ملنے کا بھی شکوہ کیا۔ ترکی سے مختلف پروازوں کے ذریعے مزید پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔