اسلام آباد ہائیکورٹ ٗ مولانا عبدالعزیز کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر درخواست کی سماعت ملتوی

بدھ 13 جولائی 2016 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جولائی ۔2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر درخواست کی سماعت 28ستمبر تک ملتوی کر تے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا ہے ۔بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ نے محمد جبران ناصر کی جانب سے دائردرخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسلام آباد پولیس کے لیگل برانچ کے انسپکٹر محمد رؤف نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ کیس سائبر کرائم ایکٹ کے تحت آتا ہے لہذا مقدمہ درج کرنا ایف آئی اے کا کام ہے ۔سماعت کے دوران وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری اظہر امین چوہدری نے پولیس رپورٹ کی حمایت کی ۔ عدالت نے معاونت کے لئے ایڈووکیٹ جنرل کو طلب کیا تو سٹیٹ کونسل نذیراں بی بی نے عدالت کو بتا یا کہ ایڈووکیٹ جنرل میاں عبدالرؤف سپریم کورٹ میں مصروف ہیں جس کے باعث اس وقت عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے جس پر فاضل جج نے آئندہ تاریخ پر ایڈووکیٹ جنرل کو طلبی نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔