عالمی برادری کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو تسلیم کرے۔جنرل راحیل شریف

آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کااجلاس،مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت،آرمی چیف نے عید پر امن و امان کے قیام پرسکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کردار کو سراہا،خطے میں قیام امن کیلئے عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا دیرینہ تنازع پر امن طریقے سے حل کرے۔آرمی چیف کااجلاس سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 جولائی 2016 17:16

عالمی برادری کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو تسلیم کرے۔جنرل راحیل ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 جولائی 2016ء) :آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام کے احساسات اور آزادی کی جدوجہد کو تسلیم کرے،خطے میں قیام امن کیلئے عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا دیرینہ تنازع پر امن طریقے سے حل کرے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

آرمی چیف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عید کے موقع پر امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے آپریشنز پر انٹیلی جنس اداروں کی تعریف کی ، آرمی چیف کو سکیورٹی اداروں کی جانب سے ملک بھر میں کیے گئے آپریشنز سے متعلق بھی بریف کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سکیورٹی اداروں نے انٹیلی جنس بنیادوں پر قریبا ڈھائی سو سے زائد آپریشن کیے جس میں سینتالیس کے قریب دہشتگردوں کو گرفتار کر کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے قتل کی بھر پور مذمت کی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں میں مسلمانوں کی ہلاکت قابل مذمت ہے ۔ دنیا کو چاہئیے کہ کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرے، آرمی چیف نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو کشمیریوں کی آزادی کے لیے کوششوں میں ان کی مدد کرنی چاہئیے تا کہ خطے میں دیر پا امن قائم ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورمسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے جسے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئیے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو چاہئیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا دیرینہ تنازع پر امن طریقے سے حل کرے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے حالات پر خصوصی طور پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں دہشتگردوں کی حرکت کو روکنے کیلئے سرحد پر نگرانی کے نظام کو مزید سخت کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں باڈر مینجمنٹ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بھی زیر غور آئے۔