موجودہ حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے‘شیخ آفتاب

منگل 12 جولائی 2016 20:43

ٓاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور انچارج وزیر برائے وزیر اعظم شکایا ت ونگ شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل، ان کے ساتھ الیکشن میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور ان کو سستا انصاف فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے اور ہم عوام کی خدمت، خوشحالی اور فلاح وبہبود کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی شکایات اور ان پر عمل در آمد کے حوالے سے Pak MDGs کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی پسماندگی ختم کرنے اور انہیں ترقی کے دھارے میں لانے پر غور ہوا اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو سختی سے ہدایات جاری کی گیئں کہ اس سال تمام پسماندہ علاقوں میں سڑکیں، گیس اور بجلی کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہم نے عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور انشاء اﷲ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری ، کیبنٹ ڈیویژن ، جوئنٹ سیکرٹری ، وزیر اعظم شکایات ونگ ، ایڈیشنل سیکرٹری ، واٹر اینڈ پاور ، ڈی جی ، پٹرولیم ، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور فاٹا کے نمائندوں نے شرکت کی۔