بون میر و ٹرانسپلانٹ سینٹر تکمیل کے آخری مراحل

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:13

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) خون کے سرطان میں مبتلا بچوں کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال لاہور میں 237 ملین روپے سے قائم کیاجانے والا بون میر و ٹرانسپلانٹ سینٹر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور امید ہے کہ آئندہ ماہ کے آخر تک وزیر اعلی پنجاب اس سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کریں گے -یہ بات مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے آج یہاں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کو آپریشنل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اجلاس میں ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق ، پراجیکٹ ڈائریکٹر بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی ، میڈیکل ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال پروفیسر احسن وحید راٹھور ، پروفیسر آف پیتھالوجی جناح ہسپتال پروفیسر فوزیہ اشرف ،پروفیسر محفوظ الرحمن ، ڈاکٹر ناصر عباس ، ڈائریکٹر پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر افتخار حسین، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد اور دیگر افسران نے شرکت کی -پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے لئے ڈاکٹرز اور نرسز کی تربیت انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کراچی سے مکمل ہو گئی ہے - انہوں نے بتایا کہ معمولی نوعیت کا سول ورکس آئندہ دو ہفتوں کے دوران مکمل کر لیا جائے گا اور بائیو میڈیکل آلات کی تنصیب شروع کر دی جائے گی - اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر اور پروفیسر آف ھیماٹولوجی و بون میرو ٹرانسپلانٹ کراچی ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے انہوں نے بتایا کہ ابتداء میں گنجائش کے مطابق سالانہ 20بون میرو ٹرانسپلانٹ کے آپریشن کئے جائیں گے بعد ازاں اس سینٹر کی گنجائش بڑھائی جائے گی - خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ آخری مراحل کے کاموں کو مکمل کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں اور انہیں اس سلسلے میں مطلاع رکھا جائے - مشیر صحت کا کہنا تھا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کا قیام خون کے امراض میں مبتلا بچوں کے لئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا نادر تحفہ ہو گا -انہوں نے کہا کہ اس سینٹر میں بچوں کے مفت آپریشن ہوں گے-

متعلقہ عنوان :