حکومت پنجاب کی خصوصی اپ گریڈیشن کمیٹی نے 44545 پولیس اہلکاروں کو اپ گریڈ کرنے کی تجویز دے دی

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:13

لاہو(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) حکومت پنجاب کی کیبنٹ کمیٹی برائے ٹیکنیکل اپ گریڈیشن کی جانب سے پنجاب پولیس کے کانسٹیبلز ، ہیڈ کانسٹیبلز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لینے والی خصوصی سب کمیٹی کا اجلاس آج سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں منعقد ہواجس میں پنجاب پولیس کے دس فیصد سی -II کانسٹیبلز جن کی تعداد 12681 بنتی ہے ، کو گریڈ5 سے گریڈ7 میں اپ گریڈ کرنے ،18860 ہیڈکانسٹیبلز کو گریڈ7 سے گریڈ9 میں اپ گریڈ کرنے اور 13004 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو گریڈ9 سے گریڈ11 میں اپ گریڈ کرنے کی تجاویز منظور کرنے کی سفارش حکومت پنجاب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا - سرکاری بیان کے مطابق پنجاب پولیس میں کانسٹیبلز کی ٹوٹل نفری ایک لاکھ 26 ہزار 809 ہے جن میں سے12681 سی -II کانسٹیبلز کوگریڈ7 میں اپ گریڈ کرنے کی سفارش کی گئی ہے جو کانسٹیبلز کی ٹوٹل نفری کا دس فیصدہیں اور محکمانہ امتحان سے گزر کر سی-II کانسٹیبلز بنے تھے -پنجاب پولیس کے تمام ہیڈ کانسٹیبلز اور تمام اے ایس آئیز کو بالترتیب گریڈ9 اور گریڈ11 میں اپ گریڈ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے - اس طرح اپ گریڈ ہونے والے پولیس اہلکاروں کی کل تعداد 44545 ہو جائے گی -واضح رہے کہ ماضی میں سولہ سال پہلے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو مختلف درجوں میں اپ گریڈیشن دی گئی تھی اور اب پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف پولیس کے جوانوں کی بے مثال قربانیوں کے پیش نظر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پولیس اہلکاروں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جائزہ لینے کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے خصوصی کمیٹی قائم کی ہے -ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر کمیٹی کے ارکان سے کہا کہ ہمیں اپنے قومی اداروں کو ان کی ” نیچر آف جاب“ کے مطابق عزت و احترام (DIGNITY) دینا ہو گا تاکہ وہ معاشرے میں با عزت طو رپر اپنی حلال کمائی سے بال بچوں کا پیٹ پال سکیں - ملک و قوم کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دینے کا جذبہ رکھنے والوں کو محض کم تنخواہوں کے باعث ناجائز ذرائع آمدنی اختیار کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہ ہو-انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب پولیس کے 12681 کانسٹیبلز کو 22 ہزار روپے ماہانہ کی بجائے اپ گریڈیشن کے بعد اب 22900 روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی -اسی طرح 18860 ہیڈ کانسٹیبلز اور 13004 اے ایس آئیز کی اپ گریڈیشن پر اٹھنے والے اضافی اخراجات ملا کر حکومت پنجاب کو اس مد میں محض 434 ملین روپے سالانہ زائد خرچ کرنا ہوں گے لیکن اس اقدام سے پنجاب پولیس کے مورال میں بے پناہ اضافہ ہو گا کیونکہ حکومت پنجاب نے ان کی قومی خدمات کے اعتراف میں اپ گریڈیشن کی تجاویز کو تفصیلی غور و فکر کے مرحلے سے گزارنے کے لئے متعلقہ اداروں کو بھجوایا ہے -اجلاس میں سیکرٹری سروسز پنجاب فرحان عزیز خواجہ ، سیکرٹری لا ء ڈاکٹر سید ابوالحسن نجمی ، سیکرٹری ریگولیشنز ڈاکٹر محمد صالح طاہر ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس نواز خالد عربی ،ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ خاور کمال اور سنٹرل پولیس آفس کے اسسٹنٹ آئی جی حبیب امتیاز گل نے شرکت کی -

متعلقہ عنوان :