حکومت توانائی کی بچت کرنے والے برقی آلات پر کسٹم ڈیوٹی و ٹیکسز ختم کرے، شیخ محمد ارشد

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:07

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے حکومت پر زور دیا ہے کہ توانائی کی بچت کرنے والے برقی آلات پر کسٹم ڈیوٹی و ٹیکسز ختم کرے تاکہ ان کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہو اور توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے۔ وہ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

شیخ محمد ارشد نے کہا کہ توانائی کی طلب و رسد کے درمیان فرق ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ایل ای ڈی اور ایس ایم ڈی سمیت توانائی کی بچت کرنے والے تمام آلات پر ڈیوٹیاں اور ٹیکسز ختم کردئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنہیں توانائی کی قلت کا سامنا ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے غیر معمولی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے لیکن اس کے برعکس ایل ای ڈی اور ایس ایم ڈی سمیت توانائی کی بچت کرنے والے دیگر برقی آلات پر کسٹم ڈیوٹی عائد کرنے جیسے غیرمنطقی فیصلے کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ توانائی کی بچت کرنے اور متبادل ذرائع سے توانائی پیدا کرنے والے آلات کو ڈیوٹی فری اشیاء کی فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ ان کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہو۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد اور سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ توانائی کے بحران نے معیشت کے لیے بہت سے چیلنجز پیدا کیے ہیں جن پر قابو پانے کے لیے بہترین موزوں حل تلاش کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ توانائی کی بچت بھی اشد ضرورت ہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب توانائی کی بچت کرنے والے آلات کا استعمال بڑھے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ایل ای ڈی، ایس ایم ڈی سمیت توانائی کی بچت کرنے والے تمام آلات کو ڈیوٹیوں و ٹیکسوں سے مثتثنیٰ قرار دے گی۔