چیئرمین واپڈکا تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کا دورہ

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:07

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے 1410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت پر مشتمل زیرِتعمیر تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کا دورہ کیا اور پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیئرمین واپڈا نے اُس جگہ کا بھی دورہ کیا جہاں تعمیراتی کام کے دوران 2 جولائی کی شب حادثہ پیش آیا۔

انہوں نے حادثے کے نتیجے میں دو چینی کارکنوں کے انتقال پر متعلقہ چینی کمپنی کے نمائندگان سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی چینی کارکنوں کی صحت یابی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے پراجیکٹ حکام پر زور دیا کہ تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی پلان کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں حادثات سے بچا جاسکے۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر(تربیلا ڈیم پراجیکٹ) اقبال مسعود صدیقی اور تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل خان کے علاوہ کنسلٹنٹس اور تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پراجیکٹ حکام نے بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔اُنہیں منصوبے کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بھی تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔ جنرل منیجر(تربیلا ڈیم پراجیکٹ)نے چیئرمین کو بتایا کہ 20 جون کو ٹنل نمبر 4 کے اِن ٹیک سٹرکچر، جو آبی ذخیرے کے اندر موجود ہے، پر تعمیراتی کام بند کرنا پڑا کیونکہ پانی کی معمول سے زیادہ آمد کے باعث آبی ذخیرے میں پانی کی سطح 1483فٹ تک بلند ہوچکی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اِرسا کے اِنڈنٹ کے مطابق صوبوں کی آبپاشی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ڈیم سے پانی خارج کیا جائے گا اور توقع ہے کہ نومبر میں پانی کی سطح مطلوبہ سطح تک کم ہونے کے بعد اِن ٹیک سٹرکچر پر دوبارہ کام شروع ہوسکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی باقی تمام سائٹس پر تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار سے جاری ہے تاہم اِن ٹیک سٹرکچر پر اہم تعمیراتی کام کی بندش کا اثر منصوبے کی مجموعی تکمیل پر پڑ سکتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی تعمیرمیں درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کی بھرپور کوشش کریں کہ منصوبہ کے تینوں پیداواری یونٹس مرحلہ وار کم از کم مدت میں مکمل کرلئے جائیں۔تربیلا کا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 4پر تعمیر کیا جارہا ہے ، جس کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3ہزار 478میگاواٹ سے بڑھ کر 4ہزار 888میگاواٹ ہوجائے گی ۔ منصوبے کی تعمیر کے لئے عالمی بنک 840ملین ڈالر مہیا کررہا ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل پر ہرسال 3ارب 84کروڑ یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی۔ منصوبے پر آنے والی لاگت صرف تین سال میں پوری ہو جائے گی۔