پرنسپل سیٹ ہی اصل ہائیکورٹ ، باقی’ سہولتی ‘ بنچ ہیں ، لاہور ہائیکورٹ

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:02

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ عدالت عالیہ کی پرنسپل نشست ہی اصل میں ہائیکورٹ ہے،عدالت عالیہ کے علاقائی بنچز کے قیام کا مقصد سائلین اور وکلاء کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہے اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ پرنسپل نشست کے اختیار کوسرے سے ہی ختم کر دیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے پرنسپل نشست سے کیس کو علاقائی بنچ میں ٹرانسفر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عدالتی سماعت کے آغاز میں ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ملتان بہاولپور اور راولپنڈی میں موجود عدالت عالیہ کے علاقائی بنچز کے درمیان مقدمات توٹرانسفر کئے جا سکتے ہیں مگر کسی مقدمے کو پرنسپل نشست سے علاقائی بنچ میں ٹرانسفر کیا جانا عدالتی اختیار کو کم کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عدالت عالیہ کی پرنسپل نشست ہی اصل میں ہائیکورٹ ہے ،،علاقائی بنچز کا قیام وکلاء اور سائلین کی سہولت کے لئے لایا گیا تھا اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ پرنسپل نشست کے اختیار کو کم کر دیا جائے۔

بادی النظر میں صوبے کا کوئی بھی فرد لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل نشست سے اپنے مقدمے کے لئے رجوع کر سکتا ہے تاہم اگر کو ئی فرداپنی سہولت کے لئے علاقائی بنچ سے رجوع کرنا چاہے تواسے یہ اختیار حاصل ہے۔عدالت اس پر جلد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرئے گی۔